ایک شخص کی دانائی اور گواہی
اگر گواہ شیر خوار بچہ تھا جیسا کہ بعض معتبر روایات میں ہے تب تو اس کا بولنا اور ایسی گواہی دینا جو انجام کار یوسفؑ کے حق میں مفید ہو ، خود مستقل دلیل یوسفؑ کی سچائی کی تھی۔ کرتہ کا آگے یا پیچھے سے پھٹا ہونا شہادت سے زائد بطور ایک علامت اور قرینہ کے سمجھنا چاہئے۔ اور اگر گواہ کوئی مرد دانا تھا تو بظاہر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ وہ خارجی طریقہ سے حقیقت حال پر مطلع ہو چکا تھا مگر اس نے نہایت دانائی سے ایسے پیرایہ میں شہادت جو دفعۃً کسی کی جانبداری پر بھی محمول نہ ہو اور آخر کار یوسفؑ کی براءت ثابت کر دے۔ جو پیرایہ اظہار واقعہ کا اس نے اختیار کیا وہ غیر جانبداروں کے نزدیک نہایت معقول تھا۔ کیونکہ اگر عورت کے دعویٰ کے موافق یوسفؑ نے (معاذ اللہ) اس کی طرف اقدام کیا تو ان کا چہرہ عورت کی طرف ہو گا تو ظاہر یہ ہے کہ کشمکش میں کرتہ بھی سامنے سے پھٹے اور اگر یوسفؑ کا کہنا صحیح ہے کہ عورت مجھ کو اپنی طرف بلاتی تھی ، میں دروازہ کی طرف بھاگا ، اس نے پکڑنے کے لئے میرا تعاقب کیا تو کھلی ہوئی بات ہے کہ کرتہ پیچھے سے پھٹا ہوگا۔ کیونکہ اس صورت میں یوسفؑ اس کی طرف متوجہ نہیں تھے بلکہ ادھر سے پیٹھ پھیر کر بھاگ رہے تھے ۔ بہرحال جب دیکھا گیا کہ کرتہ آگےسے نہیں پیچھے سے پھٹا ہے ۔ تو عزیز نے سمجھ لیا کہ یہ سب عورت کا مکرو فریب ہے، یوسفؑ قصور وار نہیں۔ چنانچہ اس نے صاف کہہ دیا کہ زلیخا کی پر فریب کارروائی اسی قسم کی ہے جو عمومًا عورتیں کیا کرتی ہیں اس نے یوسفؑ سے استدعا کی کہ جو ہونا تھا ہو چکا۔ آئندہ اس کا ذکر مت کرو کہ سخت رسوائی او ربدنامی کا موجب ہے۔ اور عورت کو کہا کہ یوسفؑ سے یا خدا سے اپنے قصور کی معافی مانگ ، یقینًا قصور تیرا ہی تھا۔