بجلی و بارش میں نشانیاں
پہلے بندوں کی حفاظت کا ذکر تھا ، پھر بد اعمالیوں سے جو آفت و مصیبت آتی ہے اس کا ذکر ہوا معلوم ہوا کہ خدا کی ذات شان انعام و انتقام دونوں کی جامع ہے اسی مناسبت سے یہاں بعض ایسے نشانہائے قدرت کی طرف توجہ دلائی جن میں بیک وقت امید و خوف کی دو متضاد کیفیتیں پیدا کرنے کی صلاحیت ہے۔ یعنی جب بجلی چمکتی ہے تو امید بندھتی ہے کہ بارش آئے گی۔ اور ڈر بھی لگتا ہے کہ کہیں گر کر ہلاکت کا سبب نہ بن جائے۔ بھاری بادل پانی کے بھرے ہوئے آتے ہیں تو خوشی ہوتی ہے کہ باران رحمت کا نزول ہو گا ، ساتھ ہی فکر رہتی ہے کہ پانی کا طوفان نہ آجائے ، ٹھیک اسی طرح انسان کو چاہئیے کہ رحمت الہٰی کا امیدوار رہے مگر مکر اللہ سے مامون اور بے فکر نہ ہو۔