مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ رعد آیت 43 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

وَيَقُولُ ٱلَّذِينَ كَفَرُوا۟ لَسْتَ مُرْسَلًا ۚ قُلْ كَفَىٰ بِٱللَّهِ شَهِيدًۢا بَيْنِى وَبَيْنَكُمْ وَمَنْ عِندَهُۥ عِلْمُ ٱلْكِتَـٰبِ ﴿٤٣﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی صداقت پر اللہ کی گواہی

یعنی تمہارے جھٹلانے سےکچھ نہیں ہوتا ، جبکہ خداوند قدوس میری صداقت کے بڑے بڑے نشان دکھلا رہا ہے قرآن جو ا س کا کلام ہے ، جیسے اپنے کلام الہٰی ہونے کی شہادت دیتا ہے اسی طرح میرے پیغمبر برحق ہونے کا گواہ ہے۔ اگر آنکھیں کھول کر دیکھو تو سخت ناموافق حالات میں سچ کا اس شان سے پھیلتے جانا اور دشمنوں تک کےدلوں میں گھر کرنا اور جھوٹ کا مغلوب و مقہور ہو کر سمٹتے رہنا خدا کی طرف سے کھلی ہوئی گواہی میری حقانیت کی ہے۔

اہل علم کی گواہی

یعنی جن کو قرآن کا علم اور اس کے حقائق کی خبر ہو گئ ہے وہ بھی دل سے گواہ ہیں کہ میں نے کچھ جھوٹ نہیں بنایا۔ نیز جنہیں پہلی کتب سماویہ اور ان کی پیشین گوئیوں کی اطلاع ہے ان کے دل گواہی دیتے ہیں کہ محمد ﷺ ٹھیک ان پیشین گوئیوں کے مطابق تشریف لائے ہیں جو سینکڑوں برس پیشتر موسٰیؑ اور مسیحؑ کر چکے تھے۔ علیہما وعلیٰ نبینا الصلوٰۃ والسلام ۔ اے خدا تو گواہ رہ کہ جس چیز کی گواہی تو نے اور تیری کتاب والوں نے دی ، یہ عاجز خاطی بھی صدق دل سےاس کی گواہی دیتا ہے۔ تم سورۃ الرعد بعون اللہ و حسن توفیقہ۔