مقتسمین کون ہیں ؟
اس آیت کے معنی کئ طرح کئے گئے ہیں۔ بعض نے کہا کہ مقتسمین (بانٹنے والوں) سے مراد آپ کے زمانہ کے یہود و نصاریٰ وغیرہ ہیں ، جنہوں نے قرآن کی تقسیم و تحلیل کر رکھی تھی۔ یعنی جو مضمون قرآنی ان کی تحریفات یا آراء و اہواء کے موافق پڑ جائے مان لو ، جو خلاف ہو نہ مانو۔ مطلب یہ ہوگا کہ ہم نے تجھے "سبع مثانی" اور "قرآن عظیم" دے کر بھیجا جیسے ان لوگوں پر پہلے کتابیں نازل کی تھیں۔ آپ پر کتاب اتارنا یا وحی بھیجنا کوئی انوکھی بات نہیں ۔ جس کا انکار کیا جائے۔ بعض نے "مقتسمین" سے یہود و نصاریٰ مراد لے کر لفظ قرآن سے کتب سابقہ مراد لی ہیں ۔ یعنی انہوں نے تحریف کر کے اپنی کتابوں کو پارہ پارہ کر ڈالا۔ بعض نے کہا مشرکین مراد ہیں جو بطور استہزاء و تمسخر قرآن کی تقسیم کرتے تھے ۔ جب سورتوں کے نام سنتے تو ہنس کر آپس میں کہتے ۔ بقرہ یا مائدہ میں لوں گا۔ عنکبوت تجھ کو دوں گا۔ ان لوگوں نے ایک اور طرح بھی قرآن کے متعلق خیالات تقسیم کر رکھے تھے کوئی اسے شاعری بتاتا کوئی کہانت ، کوئی جادو، کوئی مجنون کی بڑ ، کوئی اساطیر الاولین ، ان کو آگاہ کیا کہ میں سب کو عذاب سے ڈرانے والا ہوں ، جیسا عذاب یقینًا نازل ہونے والا ہے ان ٹھٹھا کرنے والوں پر۔ اس وقت اَنْزَلْنَا کی تعبیر اس لحاظ سے ہو گی کی متیقن الوقوع اور قریب الوقوع مستقبل کو گویا ماضی فرض کر لیا گیا۔ ابن کثیرؒ نے مُقۡتَسِمِیۡنَ کے معنی قسم کھانے والوں کے لئے ہیں یعنی وہ گذشتہ قومیں جو انبیاء کی تکذیب و مخالفت کے حلف اٹھا چکی تھیں اور جھوٹی باتوں پر قسمیں کھاتی تھیں۔ اور انہوں نے کتب سماویہ کے ٹکڑے کر دیے تھے۔ جیسا عذاب ہم نے ان پر اتارا ، اسی طرح کے عذاب سے یہ "نذیر مبین" تم کو ڈراتا ہے۔ مُقۡتَسِمِیۡنَ کے اس معنی کی تائید میں ابن کثیرؒ نے ذیل کی آیات پیش کی ہیں۔ تَقَاسَمُوۡا بِاللّٰہِ لَنُبَیِّتَنَّہٗ وَ اَہۡلَہٗ (نمل۔۴۹) وَ اَقۡسَمُوۡا بِاللّٰہِ جَہۡدَ اَیۡمَانِہِمۡ ۙ لَا یَبۡعَثُ اللّٰہُ مَنۡ یَّمُوۡتُ (نحل۔۳۸) اَوَ لَمۡ تَکُوۡنُوۡۤا اَقۡسَمۡتُمۡ مِّنۡ قَبۡلُ مَا لَکُمۡ مِّنۡ زَوَالٍ (ابراہیم۔۴۴) اَہٰۤؤُلَآءِ الَّذِیۡنَ اَقۡسَمۡتُمۡ لَا یَنَالُہُمُ اللّٰہُ بِرَحۡمَۃٍ (اعراف۔۴۹)۔