اُنکے معبود خود مخلوق ہیں
یعنی جن چیزوں کو خدا کےسوا پوجتے ہیں سب مردے (بے جان) ہیں ۔ خواہ دوامًا مثلاً بت ۔ یا فی الحال مثلاً جو بزرگ مر چکے اور ان کی پوجا کی جاتی ہے یا انجام و مآل کے اعتبار سے مردہ ہیں مثلاً حضرت مسیحؑ ، روح القدس اور ملائکۃ اللہ جنکی بعض فرقے پرستش کرتے تھے بلکہ جن و شیطان بھی جن کو بعض ممسوخ الفطرت پوجتے ہیں سب پر ایک وقت موت طاری ہونے والی ہے۔ پس جس چیز کا وجود دوسرے کا عطا کیا ہوا ہو اور وہ جب چاہے چھین لے ، اسے خدا کس طرح کہہ سکتے ہیں ؟ یا عبادت کے لائق کیسے ہو سکتا ہے ؟
یعنی یہ عجیب خدا ہیں جنہیں کچھ خبر نہیں کہ قیامت کب آئے گی اور وہ خود یا ان کے پرستار کب حساب و کتاب کے لئے اٹھائے جائیں گے۔ ایسی بے جان اور بے خبر ہستیوں کو خدا بتلانا انتہا درجہ کی حماقت اور جہل ہے۔