کیا کفار اللہ کے عذاب سے نڈر ہو گئے ؟
یعنی اچانک نہ پکڑے ۔ بلکہ آگاہ کرنے اور مبادی عذاب بھیجنے کے بعد ایسی حالت میں پکڑ لے جبکہ لوگ اطلاع پا کر اور آثار عذاب دیکھ کر طبعًا خوف کھا رہے ہوں یا آس پاس کے لوگوں کو آفات سماویہ میں مبتلا دیکھ کر ڈر رہے ہوں لیکن یہ خوف محض طبعی ہو ۔ ندامت اور توبہ کے ساتھ نہ ہو جو دافع عذاب ہو سکتا ہے بعض نے "تخوف" کے معنی "تنقص" (آہستہ آہستہ کم کرنے) کے لئے ہیں۔ یعنی یہ بھی ممکن ہے کہ دفعۃً ہلاک نہ کرے ۔ آہستہ آہستہ تم کو گھٹائے اور پست کرتا رہے۔
عذاب کی تاخیر کی حکمت
یعنی خدا سب کچھ کر سکتا ہے مگر کیوں نہیں کرتا۔ اس کی نرمی اور مہربانی مانع ہے کہ مجرمین پر فورًا عذاب نازل کر دے ، اس کی رافت و رحمت مقتضی ہے کہ مجرمین کو مہلت اور اصلاح کا موقع دیا جائے یا یہ جملہ صرف یَاۡخُذَہُمۡ عَلٰی تَخَوُّفٍ سے متعلق ہے بحالیکہ تَخَوُّفٍ کو بمعنی "تنقص" لیا جائے ۔ تو مطلب یہ ہوگا کہ آہستہ آہستہ کم کرنا اور دفعۃً ہلاک نہ کرنا اس کی رحمت و شفقت کی وجہ سے ہے ورنہ ایک آن میں نیست و نابود کردیتا۔