مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ بنی اسرائیل آیت 32 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

وَلَا تَقْرَبُوا۟ ٱلزِّنَىٰٓ ۖ إِنَّهُۥ كَانَ فَـٰحِشَةً وَسَآءَ سَبِيلًا ﴿٣٢﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

زنا اور فواحش کی مذمت

یعنی زنا کرنا تو بڑی سخت چیز ہے ۔ اس کے پاس بھی مت جاؤ۔ گویا لَا تَقْرَبُوْا میں مبادی زنا سے بچنے کی ہدایت کر دی گئ ۔ مثلاً اجنبی عورت کی طرف بدون عذر شرعی نظر کرنا یا بوس و کنار وغیرہ۔

کیونکہ زنا سے انساب میں گڑ بڑ ہوتی ہے اور بہت طرح کی لڑائیاں اور جھگڑے کھڑے ہوتے ہیں ۔ اور سب کے لئے بری راہ نکلتی ہے ۔ حضرت شاہ صاحبؒ لکھتے ہیں "یعنی اگر یہ راہ نکلی تو ایک شخص دوسرے کی عورت پر نظر کرے ، کوئی دوسرا اس کی عورت پر کرے گا"۔ مسند احمد کی ایک روایت: مسند امام احمد میں ہے کہ ایک شخص نے رسول اللہ ﷺ سے عرض کیا کہ مجھے زنا کی اجازت دے دیجئے۔ حاضرین نے ڈانٹ بتلائی کہ (پیغمبر خدا کے سامنے ایسی گستاخی ؟) خبردار چپ رہو ۔ حضور ﷺ نے اس کو فرمایا کہ میرے قریب آؤ ، وہ قریب آ کر بیٹھا تو آپ نے فرمایا کہ کیا تو یہ حرکت اپنی ماں ،بیٹی ، بہن ، پھوپھی ، خالہ میں سے کسی کی نسبت کرنا پسند کرتا ہے ؟ اس نے عرض کیا یا رسول اللہ! خدا مجھ کو آپ پر قربان کرے ، ہر گز نہیں۔ فرمایا دوسرے لوگ بھی اپنی ماؤں ، بیٹیوں ، بہنوں ، پھوپھیوں اور خالاؤں کے لئے یہ فعل گوارا نہیں کرتے ۔ پھر آپ نے دعا فرمائی کہ الہٰی اس کے گناہ کو معاف فرما اور اس کےدل کو پاک اور شرمگاہ کو محفوظ کر دے "۔ ابو امامہ فرماتے ہیں کہ اس دعا کے بعد اس شخص کی یہ حالت ہو گئ کہ کسی عورت وغیرہ کی طرف نگاہ اٹھا کر نہ دیکھتا تھا۔ اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی سَیِّدِنَا مُحَمَّدٍ وَّ بَارِکْ وَسَلِّمْ ۔