مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ بنی اسرائیل آیت 55 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

وَرَبُّكَ أَعْلَمُ بِمَن فِى ٱلسَّمَـٰوَٰتِ وَٱلْأَرْضِ ۗ وَلَقَدْ فَضَّلْنَا بَعْضَ ٱلنَّبِيِّـۧنَ عَلَىٰ بَعْضٍ ۖ وَءَاتَيْنَا دَاوُۥدَ زَبُورًا ﴿٥٥﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

بعض انبیاء کی بعض پر فضیلت

یعنی ہم اپنے علم محیط کے موافق ہر ایک کے ساتھ معاملہ کرتے ہیں۔ جس کو مناسب جانا آدمیوں میں سے پیغمبر بنایا ۔ پھر جس پیغمبر کو چاہا دوسرے پیغمبروں پر کلی یا جزئی فضیلت عنایت کی ۔حضرت شاہ صاحبؒ لکھتے ہیں ۔ "یعنی بعضے نبی تھے کہ (امت کی حد سے زیادہ شرارتوں پر آخر کار) جھنجھلا گئے ۔آپ کا حوصلہ ان سے زیادہ رکھا ہے (اور سب پر فضیلت دی ہے ، لہذا آپ کی خوش اخلاقی اپنے مرتبہ عالی کے موافق ہونی چاہئے) اور خصوصیت سے داؤدؑ کا ذکر کیا کیونکہ دونوں چیزیں رکھتے تھے ، جہاد بھی اور زبور بھی ، سمجھانے کو (وفی الحدیث کان لایفر اذا لاقیٰ) وہ ہی دونوں باتیں یہاں بھی ہیں"۔ قرآن اور جہاد ۔ بعض نے کہا کہ یہاں "زبور" کا ذکر کر کے حضور ﷺ کی فضیلت کلیہ اور امت محمدیہ کے فضل و شرف کی طرف اشارہ فرما دیا ، کیونکہ حضور ﷺ کے خاتم الانبیاء اور اس امت کے اشرف الامم ہونے پر زبور شریف کے مضامین مشتمل تھے ۔ وَ لَقَدۡ کَتَبۡنَا فِی الزَّبُوۡرِ مِنۡۢ بَعۡدِ الذِّکۡرِ اَنَّ الۡاَرۡضَ یَرِثُہَا عِبَادِیَ الصّٰلِحُوۡنَ (انبیاء۔۱۰۵) یعنی محمدًا صلی اللہ علیہ وسلم وامۃ المرحومہ۔