حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اپنے والد سے جدائی
یہ رخصت یا متارکت کا سلام ہے۔ جیسے ہمارے محاورات میں ایسے موقع پر کہدیتے ہیں کہ "فلاں بات یوں ہے تو ہمارا سلام لو" ۔ دوسری جگہ فرمایا وَ اِذَا سَمِعُوا اللَّغۡوَ اَعۡرَضُوۡا عَنۡہُ وَ قَالُوۡا لَنَاۤ اَعۡمَالُنَا وَ لَکُمۡ اَعۡمَالُکُمۡ ۫ سَلٰمٌ عَلَیۡکُمۡ ۫ لَا نَبۡتَغِی الۡجٰہِلِیۡنَ (القصص۔۵۵) حضرت شاہ صاحبؒ لکھتے ہیں "معلوم ہوا اگر دین کی بات سے ماں باپ ناخوش ہوں اور گھر سے نکالنے لگیں اور بیٹا ماں باپ کو میٹھی بات کہہ کر نکل جائے وہ بیٹا عاق نہیں۔"
والد کے لئے استغفار کا وعدہ
امید ہے اپنی مہربانی سے میرے باپ کے گناہ معاف فرما دے گا۔ حضرت ابراہیمؑ نے استغفار کا وعدہ ابتداءً کیا تھا ۔ چنانچہ استغفار کرتے رہے جب اللہ کی مرضی نہ دیکھی تب موقوف کیا ۔ یہ بحث سورۂ توبہ (براءۃ) میں مَا کَانَ لِلنَّبِیِّ وَ الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡۤا اَنۡ یَّسۡتَغۡفِرُوۡا لِلۡمُشۡرِکِیۡنَ (۱۱۳) الخ کے تحت میں گذر چکی ہے۔ ملاحظہ کر لی جائے۔