حق باطل پر غالب آتا ہے
یعنی اگر ایسے لہو و لعب کے کام بالفرض ہماری شان کے لائق ہوتے اور ہم ارادہ بھی کرتے کہ یوں ہی کوئی مشغلہ اور کھیل تماشہ بنا کر کھڑا کر دیں تو یہ چیز ہم بذات خود اپنی قدرت سے کر گذرتے تمہاری داروگیر اور پکر دھکڑ سے اس کو کچھ سروکار نہ ہوتا ۔ لیکن واقعہ یہ ہے کہ دنیا محض کھیل تماشہ نہیں بلکہ میدان کارزار ہے ۔ جہاں حق و باطل کی جنگ ہوتی ہے۔ حق حملہ آور ہو کر باطل کا سر کچل ڈالتا ہے۔ اسی سے تم اپنی مشرکانہ اور سفیہانہ باتوں کا انجام سمجھ لو کہ حق و صداقت کا گولا جب پوری قوت سے تم پر گرے گا اس وقت کیسی خرابی اور بربادی تمہارے لئے ہو گی۔ اور کونسی طاقت بچانے آئے گی۔ (تنبیہ) لَوۡ اَرَدۡنَاۤ اَنۡ نَّتَّخِذَ لَہۡوًا الیٰ آخرہ کی تقریر کئ طرح کی گئی ہے۔ ہمارے نزدیک سباق و لحاق کے اعتبار سے جو معنی زیادہ قریب اور صاف تھے وہ اختیار کئے ہیں۔ اور مِنۡ لَّدُنَّاۤ اور اِنۡ کُنَّا فٰعِلِیۡنَ کی قیود کے فوائد کی طرف لطیف اشارے کر دیے ہیں۔ واللہ تعالیٰ اعلم۔