مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ مومنون آیت 22 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

وَعَلَيْهَا وَعَلَى ٱلْفُلْكِ تُحْمَلُونَ ﴿٢٢﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

چوپایوں کی تخلیق میں انسان کے فوائد

یعنی خشکی میں جانوروں کی پیٹھ پر اور دریا میں جہازوں اور کشتیوں پر سوار ہو کر کہیں سے کہیں نکل جاتے ہو۔ اور بڑے بڑے وزنی سامان ان پر بار کرتے ہو کشتی کی مناسبت سے آگے نوحؑ کا قصہ ذکر فرماتے ہیں کہ کس طرح اللہ تعالیٰ نے ان سے کشتی بنوائی جو طوفان عظیم کے وقت مومنین کی نجات کا ذریعہ بنی۔ پھر نوحؑ کی مناسبت سے بعض دوسرے انبیاء کے واقعات بھی ذکر فرما دیے۔ شاید یہاں ان قصص کے بیان میں یہ بھی اشارہ ہو گا کہ جس طرح اوپر کی آیات میں تمہاری جسمانی ضروریات کا انتظام مذکور تھا اسی طرح خداوند رحمٰن نے تمہاری روحانی حوائج و ضروریات کا سرانجام کرنے کے لئے ابتدائے دنیا سے وحی و رسالت کا سلسہ بھی قائم فرما دیا۔ یا یوں کہہ لو کہ اوپر قدرت کے نشانات بیان فرما کر توحید کی طرف متوجہ کرنا تھا۔ اس کی تکمیل کے لئے یہاں سے سلسلہ نبوت کا بیان شروع کر دیا۔ جس کے ضمن میں انبیاء اور ان کے متبعین کی خوش انجامی اور مکذبین و معاندین کی بد انجامی بھی ذہن نشین کر دی گئ۔