اللہ کی پکڑ کے وقت کفار کی چیخ و پکار
یعنی جب دنیوی یا اخروی عذاب میں پکڑے جائیں گے تو چلائیں گے اور شور مچائیں گے کہ ہمیں اس آفت سے بچاؤ۔ بھلا وہاں بچانے والا کون؟ حکم ہو گا کہ چلاؤ نہیں، یہ سب چیخ و پکار بیکار ہے۔ آج کوئی تمہاری مدد کو نہیں پہنچ سکتا نہ ہمارےعذاب سےچھڑا سکتا ہے۔ چنانچہ اس عذاب کا ایک نمونہ کفار مکہ کو بدر میں دکھلایا گیا، جہاں ان کے بڑے بڑے سردار مارے گئے یا قید ہو گئے۔ عورتیں مہنیوں تک انکا نوحہ کرتی رہیں، سر کے بال کٹوا کر ماتم کئے گئے۔ روئے پیٹے، چیخے چلائےکچھ بن نہ پڑا۔ ایک مرتبہ جب حضور ﷺ نے مظالم سے تنگ آ کر بد دعا فرمائی تو سات سال کا قحط مسلط ہوا۔ مردار کی ہڈیاں اور چمڑے کھانے اور خون پینے کی نوبت آ گئ آخر رحمۃً للعالمین سے رحم کا واسطہ دے کر دعا کی درخواست کی۔ تب اللہ تعالیٰ نے وہ عذاب اٹھایا۔ اس وقت نہ "لات و منات" کام آئے نہ ہُبُل و نائلہ۔