آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی شکایت
یعنی ضدی معاندین نے جب کسی طرح نصیحت پر کان نہ دھرا، تب پیغمبر نے بارگاہ الہٰی میں شکایت کی کہ خدواندا! میری قوم نہیں سنتی، انہوں نے قرآن جیسی عظیم الشان کتاب کو (العیاذ باللہ) بکواس قرار دیا ہے، جب قرآن پڑھا جاتا ہے تو خوب شور مچاتے اور بک بک جھک جھک کرتے ہیں۔ تا کوئی شخص سن اور سمجھ نہ سکے۔ اس طرح ان اشقیاء نے قرآن جیسی قابل قدر کتاب کو بالکل متروک و مہجور کر چھوڑا ہے۔ (تنبیہ) آیت میں اگرچہ مذکور صرف کافروں کا ہے تاہم قرآن کی تصدیق نہ کرنا، اس میں تدبر نہ کرنا، اس پر عمل نہ کرنا، اس کی تلاوت نہ کرنا، اس کی تصحیح قرأت کی طرف توجہ نہ کرنا، اس سے اعراض کر کے دوسری لغویات یا حقیر چیزوں کی طرف متوجہ ہونا، یہ سب صورتیں درجہ بدرجہ ہجران قرآن کے تحت میں داخل ہو سکتی ہیں۔ فَنَسْألُ اللّٰہ الکریم المنّان الْقَادِرَ عَلٰی مَا یشاءُ اَنْ یُخْلِصَنا مِمَّا یُسْخِطُہٗ وَ یَسْتَعْمِلَنَا فِیْمَا یُرْضِیْہِ مِنْ حفظ کتابِہٖ وفھمہ والقیام بمقتضاہ اٰناء اللیل واطراف النھار عَلٰی الوجہ الذِیْ یحبہ و یرضاہ انّہ کریم وھّاب ۔ ۔