آخرت پر کفار کا اعتراض
یعنی کتنے مجرموں کو دنیا ہی میں عبرتناک سزائیں مل چکی ہیں اور پیغمبروں کا فرمانا پورا ہو کر رہا۔ اسی پر قیاس کر لو کہ بعث بعدالموت اور عذاب اخروی کی جو خبر انبیاء دیتے چلے آئے ہیں یقینًا پوری ہو کر رہے گی۔ یہ کارخانہ یوں ہی بے سرا نہیں کہ اس پر کوئی حاکم نہ ہو، وہ اپنی رعایا کو یوں ہی مہمل نہ چھوڑے گا۔ جب سب مجرموں کو یہاں پوری سزا نہیں ملتی تو یقینًا کوئی دوسری زندگی ہو گی جہاں ہر ایک اپنی کیفر کردار کو پہنچے۔ اگر تمہاری یہ ہی تکذیب رہی تو مکذبین کا جو انجام دنیا میں ہوا تمہارا بھی ہو سکتا ہے۔