حضرت سلیمان علیہ السلام کی دعا
یعنی ایسی عظیم الشان سلنطت عنایت فرما جو میرے سوا کسی کو نہ ملے نہ کوئی دوسرا اس کا اہل ثابت ہو یا یہ مطلب ہے کہ کسی کو حوصلہ نہ ہو کہ مجھ سے چھین سکے (تنبیہ) احادیث میں ہے کہ ہر نبی کی ایک دعاء ہے جس کے متعلق اللہ تعالیٰ نے اجابت کا وعدہ فرما لیا ہے۔ یعنی وہ دعاء ضرور ہی قبول کریں گے۔ شاید حضرت سلیمانؑ کی یہ وہی دعا ہو۔ آخر نبی زادے اور بادشاہ زادے تھے۔ دعا میں بھی یہ رنگ رہا۔ کہ بادشاہت ملے اور اعجازی رنگ کی ملے۔ وہ زمانہ ملوک اور جبارین کا تھا، اس حیثیت سے بھی یہ دعاء مذاق زمانہ کے موافق تھی اور ظاہر ہے کہ انبیاء علیہم السلام کا مقصد ملک حاصل کرنے سے اپنی شوکت و حشمت کا مظاہرہ کرنا نہیں۔ بلکہ اس دین کا ظاہر و غالب کرنا اور قانون سماوی پھیلانا ہوتا ہے۔ جس کے حامل بنا کر بھیجے جاتے ہیں۔ لہذا اس کو دنیا داروں کی دعاء پر قیاس نہ کیا جائے۔