یتیموں کی پرورش کے مسائل
یعنی یتیموں کو سدھاتے اور آزماتے رہو بلوغ کے وقت تک پھر بلوغ کے بعد اگر ان میں اپنے نفع نقصان کی سمجھ اور حفاظت و انتظام مال کا سلیقہ پاؤ تو ان کا مال ان کے حوالہ کر دو۔ یتیموں کے سدھانے اور آزمانے کی عمدہ صورت یہی ہے کہ کم قیمت معمولی چیزوں کی ان سے خریدوفروخت کرائی جائے اور اس کا طریقہ ان کو بتایا جائے اس سے معلوم ہوا کہ نابالغ کی بیع و شرا ولی کی اجازت سے جو ہو گی وہ درست ہو گی امام ابوحنیفہؒ کا یہی مذہب ہے ۔ اور اگر بالغ ہو کر بھی اس میں ہوشیاری نہ آئے تو امام ابوحنیفہؒ کا یہ مذہب ہے کہ پچیس برس کی عمر تک انتظار کرو اس درمیان میں جب اس کو سمجھ آ جائے مال ا سکے حوالہ کر دو ورنہ پچیس سال پر ہر حال میں اس کا مال اس کو دے دو۔ پوری سمجھ آئے یا نہ آئے۔
یعنی یتیم کے مال کو ضرورت سے زیادہ صرف کرنا منع ہے مثلًا ایک پیسہ کی جگہ دو پیسے صرف کر دو اور یہ بھی منع ہے کہ اس بات سے گھبرا کر کہ یتیم بڑے ہو کر اپنا مال ہم سے لے لیں گے خرچ کرنے میں جلدی کرنے لگو خلاصہ یہ ہوا کہ یتیم کے مال کو بقدر ضرورت اور بر وقت ضرورت صرف کرنا چاہئے۔
یعنی یتیم کا مال ولی اپنے خرچ میں نہ لائے اور اگر یتیم کی پرورش کرنے والا محتاج ہو تو البتہ اپنی خدمت کرنے کے موافق یتیم کے مال میں سے در ماہہ لے لیوے۔ مگر غنی کو کچھ لینا ہر گز جائز نہیں۔
یتیموں کا مال گواہوں کی موجودگی میں ادا کرو
جب کسی بچہ کا باپ مر جائے تو چاہئے کہ چند مسلمانوں کے رو برو یتیم کا مال لکھ کر امانتدار کو سونپ دیں جب یتیم بالغ ہوشیار ہو جائے تو اس تحریر کے موافق اس کا مال اس کے حوالہ کر دیں اور جو کچھ خرچ ہوا ہو وہ اس کو سمجھا دیں اور جو کچھ یتیم کے حوالے کیا جائے شاہدوں کو دکھلا کر حوالہ کریں۔ شاید کسی وقت اختلاف ہو تو بسہولت طے ہو سکے اور اللہ تعالیٰ ہر ہر چیز کی حفاظت کرنے والا اور حساب سمجھنے والا کافی ہے اس کو کسی حساب یا شہادت کی حاجت نہیں یہ سب باتیں تمہاری سہولت اور صفائی کی وجہ سے مقرر فرمائیں۔ جاننا چاہئے کہ یتیم کا مال لینے اور دینے کے وقت گواہ کرنا اور اس کو لکھ لینا مستحب ہے۔