دنیا میں انبیاء و مومنین کی نصرت
یعنی دنیا میں ان کا بول بالا کرتا ہے۔ جس مقصد کے لئے وہ کھڑے ہوتے ہیں اللہ کی مدد سے اس میں کامیابی ہوتی ہے۔ حق پرستوں کی قربانیاں کبھی ضائع نہیں جاتیں۔ درمیان میں کتنے ہی اتار چڑھاؤ ہوں اور کیسے ہی امتحانات پیش آئیں مگر آخر ان کا مشن کامیاب ہو کر رہتا ہے علمی حیثیت سے حجت و برہان میں تو وہ ہمیشہ ہی منصور رہتے ہیں۔ لیکن مادّی فتح اور ظاہری عزت و رفعت بھی آخرکار ان ہی کو حاصل ہوتی ہے۔ سچائی کے دشمن کبھی معزز نہیں رہ سکتے۔ ان کا عُلوّ اور عُروج محض ہنڈیا کا جھاگ اور سوڈے کا ابال ہو تا ہے۔ انجام کار مومنین قانتین کے مقابلہ میں انکو پست اور ذلیل ہونا پڑتاہے اور اللہ تعالیٰ ان سے اپنے اولیاء کا انتقام لئے بدون نہیں چھوڑتا۔ لیکن واضح رہے کہ آیت میں جن مومنین کے لئے وعدہ کیا گیا ہے شرط یہ ہے کہ وہ حقیقی مومن اور رسولوں کے متبع ہوں۔ کما قال تعالیٰ وَ اَنۡتُمُ الۡاَعۡلَوۡنَ اِنۡ کُنۡتُمۡ مُّؤۡمِنِیۡنَ (اٰل عمران۔۱۳۹) مومنین کی خصلتیں قرآن میں جابجا مذکور ہیں۔ چاہئے کہ مسلمان اس کسوٹی پر اپنے کو کس کر دیکھ لیں۔
یعنی میدان حشر میں جبکہ اولین و آخرین جمع ہوں گے، حق تعالیٰ اپنے فضل سے علٰی رؤس الاشہاد انکی سربلندی اور عزت و رفعت کو ظاہر فرمائے گا۔ دنیا میں تو کچھ شبہ بھی رہ سکتا ہے اور التباس ہو جاتا ہے، وہاں ذرا بھی ابہام و التباس باقی نہ رہے گا۔