رویت باری تعالیٰ
حضرت شاہ صاحبؒ نے اس کا مطلب یہ لیا ہے کہ آنکھ میں یہ قوت نہیں کہ اس کو دیکھ لے ہاں وہ خود ازراہ لطف و کرم اپنے کو دکھانا چاہے تو آنکھوں میں ویسی قوت بھی پیدا فرما دے گا مثلًا آخرت میں مومنین کو حسب مرادت رویت ہو گی جیسا کہ نصوص کتاب و سنت سے ثابت یا بعض روایات کے موافق نبی کریم ﷺ کو لیلۃ الاسراء میں رویت ہوئی علیٰ اختلاف الاقوال۔ باقی مواضع میں چونکہ کوئی نص موجود نہیں لہذا عام قاعدہ کی بناء پر نفی رویت ہی کا اعتقاد رکھا جائے۔ مفسرین سلف میں سے بعض نے ادراک کو احاطہ کے معنی میں لیا ہے یعنی نگاہیں کبھی اس کا احاطہ نہیں کر سکتیں۔ آخرت میں بھی رویت ہو گی احاطہ نہ ہو گا۔ ہاں اس کی شان یہ ہے کہ وہ تمام ابصار و مبصرات کا احاطہ کئے ہوئے ہے۔ اس وقت لطیف کا تعلق لاتدرکہ سے اور خبیر کا وہویدرک سے ہو گا۔