حضرت ابراہیم علیہ السلام کا واقعہ
گذشتہ آیات میں جو توحید کا اثبات، شرک کی نفی اور مسلمانوں کے ارتداد سے مایوس کیا گیا تھا۔ یہاں موحد اعظم حضرت ابراہیمؑ کے واقعہ سے اسکی تاکید مقصود ہے اور ضمنًا مسلمانوں کو یہ بھی سمجھنا ہے کہ مکذبیں و معاندین کو کس طرح نصیحت و فہمائش کی جائے، کس طرح ان سے علیحدگی اور بیزاری کا اظہار ہونا چاہئے اور کس طرح ایک مومن قانت کو خدا پر اور صرف اکیلے خدا پر بھروسہ رکھنا اسی سے ڈرنا اور اسی کا تابع فرمان ہونا چاہئیے۔
حضرت ابراہیم علیہ السلام کے باپ کا نام
علمائے انساب نے حضرت ابراہیمؑ کے باپ کا نام "تارخ" لکھا ہے ممکن ہے "تارخ" نام اور "آزر" لقب ہو۔ ابن کثیرؒ نے مجاہد وغیرہ سے نقل کیا ہے کہ "آزر" بت کا نام تھا شاید اس بت کی خدمت میں زیادہ رہنے سے خود ان کا لقب آزر پڑ گیا ہو۔ واللہ اعلم۔
اس سے زیادہ صریح و صاف گمراہی کیا ہوگی کہ اکرم المخلوقات انسان اپنے ہاتھ سے تراشے پتھروں کو خدائی کا درجہ دے کر ان کے سامنے سر بسجود ہو جائے اور انہی سے مرادیں مانگنے لگے۔