کفار کی حالت
یعنی زبان سے کہتے ہیں کہ ہم نے سن لیا حالانکہ وہ سننا ہی کیا۔ جو آدمی سیدھی سی بات کو سن کر سمجھے نہیں۔ یا سمجھ کر قبول نہ کرے۔ پہلے یہودیوں نے موسٰیؑ سے کہا تھا سَمِعۡنَا وَ عَصَیۡنَا (البقرہ۔۹۳) ہم نے سن لیا مگر مانا نہیں مشرکین مکہ کا قول آگے آتا ہے۔ قَدۡ سَمِعۡنَا لَوۡ نَشَآءُ لَقُلۡنَا مِثۡلَ ہٰذَا یعنی جو قرآن آپ سناتے ہیں بس ہم نے سن لیا۔ اگر ہم چاہیں تو اسی جیسا کلام بنا کر لے آئیں۔ مدینہ کے منافقین کا تو شیوہ یہ تھا کہ پیغمبر علیہ السلام اور مسلمانوں کے سامنے زبانی اقرار کر گئے۔ اور دل سے اسی طرح منکر رہے بہرحال مومن صادق کی شان ان یہود اور مشرکین و منافقین کی طرح نہ ہونی چاہئے اس کی شان یہ ہے کہ دل سے زبان سے عمل سے حاضر و غائب احکام الہٰیہ اور فرامین نبویہ پر نثار ہوتا رہے۔