تبوک میں رہ جانے والے مسلمان
اہل مدینہ میں اگر ایک طرف یہ منافقین متمر دین ہیں جو اپنی شرارتوں اور جرموں کو پردہ نفاق میں چھپاتے اور ان پر سختی سے اڑے رہتے ہیں تو دوسری جانب بعض وہ مسلمان ہیں جن سے بمقتضائے بشریت کوئی خطا و قصور سرزد ہو جائے تو نادم ہو کر بے تامل اپنے گناہوں کا اقرار کرتے ہیں۔ ان کی بھلائی اور برائی مخلوط (رلی ملی) ہے ۔ برائی تو مثلاً یہ ہی کہ نفیر عام کے باوجود نبی کریم ﷺ کی دعوت پر غزوہ تبوک میں حاضر نہ ہوئے ۔ بعدہٗ اس غیر حاضری پر دل سے پشیمان و متاسف ہونا اور ظاہراً و باطناً توبہ کرنا اور دوسرے اعمال صالح (نماز ، روزہ ، زکوٰۃ ، حج یا دوسرے غزوات کی شرکت وغیرہ) بجا لانا یہ سب ان کی بھلائیوں کی فہرست میں داخل ہیں ایسے حضرات کو حق تعالیٰ نے معافی کی امید دلائی ہے۔ مفسرین نے لکھا ہے کہ یہ آیت حضرت ابو لبابہ اور ان کے چند ہمراہیوں کے حق میں نازل ہوئی۔ جو محض کسل اور تن آسانی کی وجہ سے تبوک میں حاضر نہ ہوئے۔ لیکن جب تبوک سے حضرت کی واپسی معلوم ہوئی تو غایت ندامت سے ان سب نے اپنے کو مسجد کے ستونوں سے باندھ دیا اور قسم کھائی کہ جب تک نبی کریم ﷺ اپنے ان مجرموں کو معاف کر کے اپنے ہاتھ سے نہ کھولیں گے اسی طرح بندھے کھڑے رہیں گے۔ آپ ﷺ نے یہ حال دیکھ کر فرمایا۔ واللہ جب تک خدا ان کے کھولنے کا حکم نہ دے میں ان کو نہیں کھول سکتا۔ آخر یہ آیات نازل ہوئیں۔ تب آپ ﷺ نے کھولا اور قبول توبہ کی بشارت دی ۔ کہتے ہیں کہ یہ لوگ کھلنے کے بعد تکمیل توبہ کے طور پر کچھ مال لے کر حاضر ہوئے کہ خد اکی راہ میں تصدق کریں اس پر اگلی آیت نازل ہوئی۔