ہر تعریف اللہ کی ہے
یعنی سب تعریفیں عمدہ سے عمدہ اول سے آخر تک جو ہوئی ہیں اور جو ہوں گی خدا ہی کو لائق ہیں۔ کیونکہ ہر نعمت اور ہر چیز کا پیدا کرنے والا اور عطا کرنے والا وہی ہے خواہ بلاواسطہ عطا فرمائے یا بالواسطہ جیسے دھوپ کی وجہ سے اگر کسی کو حرارت یا نور پہنچے تو حقیقت میں آفتاب کا فیض ہے۔ شعر ؎ حمد رابا تو نسبتے ست درست بردر ہر کہ رفت بردرتست ۔ تو اب اس کا ترجمہ کرنا کہ (ہر طرح کی تعریف خدا ہی کو سزا وار ہے ) بڑی کوتاہی کی بات ہے جس کو اہل فہم خوب سمجھتے ہیں۔
عالمین کےمعنی
مجموعہ مخلوقات کو عالم کہتے ہیں اور اسی لئے اس کی جمع نہیں لاتے ۔ مگر آیت میں عالم سے مراد ہر جنس (مثلًا عالم جن، عالم ملائکہ، عالم انس وغیرہ وغیرہ) ۔ اس لئے جمع لائے تاکہ جملہ افراد عالم کا مخلوق جناب باری ہونا خوب ظاہر ہو جائے۔