اہل انعام اور اہل غضب
جن پر انعام کیا گیا وہ چار فرقے ہیں نبیین و صدیقین و شہداء و صالحین کلام اللہ میں دوسرے موقع پر اس کی تصریح ہے اور الۡمَغۡضُوۡبِ عَلَیۡہِمۡ سے یہود اور ضالین سے نصارٰی مراد ہیں۔ دیگر آیات و روایات اس پر شاہد ہیں اور صراط مستقیم سے محرومی کل دو طرح پر ہوتی ہے ۔ عدم علم یا جان بوجھ کر کوئی فرقہ گمراہ ان دو سے خارج نہیں ہو سکتا سو نصارٰی تو وجہ اول میں اور یہود دوسری میں ممتاز ہیں۔
قرآن میں سورہ فاتحہ کی حیثیت
یہ سورت خدا تعالیٰ نے بندوں کی زبان سے نازل فرمائی کہ جب ہمارے دربار میں حاضر ہو تو ہم سے یوں سوال کیا کرو اس لئے اس سورت کا ایک نام تعلیم مسئلہ بھی ہے ۔ اس سورت کے ختم پر لفظ اٰمین کہنا مسنون ہے۔ اور یہ لفظ قرآن شریف سے خارج ہے ۔ معنی اس لفظ کے یہ ہیں "الہٰی ایسا ہی ہو" یعنی مقبول بندوں کی پیروی اور نافرمانوں سے علیحدگی میسر ہو اس سورت کے اول نصف میں اللہ تعالیٰ کی ثناء اور صفت اور دوسرے حصے میں بندہ کے لئے دعا ہے۔ فائدہ غَیۡرِ الۡمَغۡضُوۡبِ الخ الَّذِیْنَ کا بدل ہے یا اس کی صفت ہے اس لئے اس کے مناسب ترجمہ کیا گیا ۔ بعض تراجم دہلویہ میں جو اس کا ترجمہ کیا ہے خلاف ترکیب و خلاف مقصود ہے۔