بدکاروں کے لئے اللہ کی ڈھیل
دو آیت پہلے فرمایا تھا کہ جو لوگ غلفت میں پڑے ہیں اور ہمارے ملنے کی امید نہیں رکھتے ان کا ٹھکانہ دوزخ ہے ۔ یہاں یہ بتلانا ہے کہ خدا ایسے مجرموں کو دنیا میں فورًا نہیں پکڑتا بلکہ مہلت دیتا ہے۔ حالانکہ لوگوں کا حال یہ ہے کہ کبھی بے باک و بے حیا بن کر خود اپنے اوپر جلد عذاب آنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ مثلاً کہتے ہیں اَللّٰھُمَّ اِنْ کَانَ ھٰذَا ھُوَالْحَقَّ مِنْ عِنْدِکَ فَاَمْطِرْ عَلَیْنَاحِجَارَۃً مِنَ السَّمَاءِ (انفال رکوع۴) کبھی دنیوی حوادث سے تنگ آ کر اپنے یا اپنی اولاد وغیرہ کے حق میں بد دعائیں کرنے لگتے ہیں۔ جیسا کہ تجربہ سے ظاہر ہے۔ اب اگر خداتعالیٰ ان کی درخواست و دعاء کے موافق فورًا ہاتھوں ہاتھ کوئی عذاب یا برائی اس قدر جلد ان کو پہنچا دے جتنی جلد وہ بھلائی کے پہنچنے کی خواہش رکھتے ہیں ، تو بدی کے وبال سے ایک منٹ بھی فرصت نہ پائیں اور رشتہ حیات اسی وقت منقطع ہو جائے۔ مگر خدا کے یہاں نیکی یا بدی دونوں میں حسب مصلحت تاخیر و تحمل ہوتا ہے ، تا نیک لوگ تربیت پائیں اور بدکار غلفت میں پڑے رہ کر پیمانہ شرارت لبریز کرلیں۔