مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ یونس آیت 57 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

يَـٰٓأَيُّهَا ٱلنَّاسُ قَدْ جَآءَتْكُم مَّوْعِظَةٌ مِّن رَّبِّكُمْ وَشِفَآءٌ لِّمَا فِى ٱلصُّدُورِ وَهُدًى وَرَحْمَةٌ لِّلْمُؤْمِنِينَ ﴿٥٧﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

قرآن کریم کی بعض اہم صفات

یہ سب صفات قرآن کریم کی ہیں۔ قرآن اول سے آخر تک نصیحت ہے ، جو لوگوں کو مہلک اور مضر باتوں سے روکتا ہے۔ دلوں کی بیماریوں کے لئے نسخہ شفاء ہے۔ وصول الی اللہ اور رضائے خداوندی کا راستہ بتاتا ہے اور اپنے ماننے والوں کو دنیا و آخرت میں رحمت الہٰیہ کا مستحق ٹھہراتا ہے۔ بعض محققین کے نزدیک اس آیت میں نفس انسانی کے مراتب کمال کی طرف اشارہ ہے۔ یعنی جو شخص قرآن کریم سے تمسک کرے ان تمام مراتب پر فائز ہو سکتا ہے۔ (۱) اپنے ظاہر کو نالائق افعال سے پاک کرنا۔ لفظ ''موعظۃ'' میں اس کی طرف اشارہ ہے (۲) باطن کو عقائد فاسدہ اور ملکات ردیہ سے خالی کرنا جو شِفَآءٌ لِّمَا فِی الصُّدُوۡرِ سے مفہوم ہوتا ہے۔ (۳) نفس کو عقائد حقہ اور اخلافق فاضلہ سے آراستہ کرنا ، جس کے لئے لفظ ''ہُدیٰ'' زیادہ مناسب ہے۔ (۴) ظاہر و باطن کی درستی کے بعد انوار رحمت الہٰیہ کا نفس پر فائض ہونا جو لفظ ''رحمت'' کا مدلول ہے۔ امام فخرالدین رازیؒ نے جو تقریر کی ہے اس میں ان چار لفظوں سے شریعت ، طریقیت ، حقیقت ، اور نبوت و خلافت کی طرف علی الترتیب اشارہ کیا ہے ۔ یہاں اس کی تفصیل کا موقع نہیں ۔ اور نہ اس قسم کے مضامین خالص تفسیر کی مد میں آ سکتے ہیں۔