مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ یونس آیت 63 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

ٱلَّذِينَ ءَامَنُوا۟ وَكَانُوا۟ يَتَّقُونَ ﴿٦٣﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

اولیاء کی تعریف

یہ ''اور اولیاء اللہ'' کی تعریف فرمائی یعنی مومن متقی خدا کا ولی ہوتا ۔ پہلے کئ مواقع میں معلوم ہو چکا ہے کہ ایمان و تقویٰ کے بہت سے مدارج ہیں۔ پس جس درجہ کا ایمان و تقویٰ کسی میں موجود ہو گا اس درجہ میں ولایت کا ایک حصہ اس کے لئے ثابت ہو گا۔ پھر جس طرح مثلاً دس بیس روپیہ بھی مال ہے اور پچاس سو ، ہزار دو ہزار ، لاکھ دو لاکھ روپیہ بھی ۔ لیکن عرف عام میں دس بیس روپیہ کے مالک کو ''مالدار'' نہیں کہا جاتا۔ جب تک معتدبہ مقدار مال و دولت کی موجود نہ ہو۔ اسی طرح سمجھ لیجئے کہ ایمان و تقویٰ کسی مرتبہ میں ہو ، وہ ولایت کا شعبہ ہے اور اس حیثیت سے سب مومنین فی الجملہ ''ولی'' کہلائے جاسکتے ہیں۔ لیکن عرف میں ''ولی'' کہا جاتا ہے جس میں ایک خاص اور ممتاز درجہ ایمان و تقویٰ کا پایا جاتا ہو ، احادیث میں کچھ علامات و آثار اس ولایت کے ذکر کئے گئے ہیں۔ مثلاً ان کو دیکھنے سے خدا یاد آنے لگے یا مخلوق خدا سے ان کو بے لوث محبت ہو ، عارفین نے اپنے اپنے مذاق کے موافق ولی کی تعریفیں کی ہیں جن کی تفصیل کا یہاں موقع نہیں۔