دوسرے پیغمبروں کی تکذیب
یعنی نوحؑ کے بعد ہودؑ ، صالحؑ ، لوطؑ ، ابراہیمؑ ، شعیبؑ وغیرہ انبیاء کو اپنی اپنی قوم کی طرف کھلے ہوئے نشانات دے کر بھیجا۔ لیکن جس جہالت اور کفر کی حالت میں وہ لوگ اپنے اپنے پیغمبر کی بعثت سے پہلے تھے اور جن چیزوں کو پیشتر سے جھٹلاتے چلے آ رہے تھے ، یہ توفیق نہ ہوئی کہ انبیاء کے تشریف لانے اور سمجھانے کے بعد ان کو مان لیتے۔ بلکہ جن اصول صحیحہ کی تکذیب پہلے قوم نوحؑ کر چکی تھی، ان سبھوں نے بھی ان کے ماننے سے انکار کر دیا اور جب پہلی مرتبہ منہ سے ''نہ'' نکل گئ ، ممکن نہ تھا کہ پھر کبھی ''ہاں'' نکل سکے اسی بے ایمانی اور تکذیب حق پر آخر تک اڑے رہے۔
دلوں پر مہر لگنے کے اسباب
جو لوگ تکذیب و عداوت حق میں حد سے نکل جاتےہیں ان کےدلوں پر مہر لگنے کی یہ ہی صورت ہوتی ہے کہ اول تکذیب کرتے ہیں ، پھر اس پر ضد اور اصرار کرتے کرتے محض دشمنی اور عناد کی روش اخیتار کر لیتے ہیں۔ یہاں تک کہ دل کی کلیں بگڑ جاتی ہیں اور قبول حق کی استعداد باقی نہیں رہتی۔