یعنی ہر قسم کا سامان رونق و آسائش کا دیا۔ مثلاً حسن صورت ، سواری ، عمدہ پوشاک ، اثات البیت وغیرہ اور مال و دولت کے خزانے ، سونے چاندی وغیرہ کی کانیں عطا فرمائیں۔
فرعون کے مال و حکومت کی حکمت
اگر لِیُضِلُّوْا میں لام تعلیل لیا جائے تو مطلب یہ ہے کہ تکوینی طور پر یہ سامان ان نابکاروں کو اس لئے دیا گیا کہ مغرور ہو کر خود گمراہ ہوں اور دوسروں کو گمراہ کرنے میں خرچ کریں۔ بڑی آزادی سےدل کھول کر زور لگا لیں آخر میں دیکھ لیں گے کہ وہ کچھ بھی کام نہ آیا۔ جب خالق خیروشر کا اللہ ہے اور ظاہر ہے کہ اس کا کوئی فعل خالی از حکمت نہیں ہو سکتا۔ لامحالہ ''خلق شر'' میں بھی مجموعہ عالم کے اعتبار سے کوئی حکمت ضرور ہوگی۔ وہ ہی حکمت شریروں کو اس قدر سامان دیے جانے میں سمجھ لیجئے۔ کُلًّا نُّمِدُّ ہٰۤؤُلَآءِ وَ ہٰۤؤُلَآءِ مِنۡ عَطَآءِ رَبِّکَ (بنی اسرائیل۔۲۰) اِنَّمَا نُمۡلِیۡ لَہُمۡ لِیَزۡدَادُوۡۤا اِثۡمًا (آل عمران۔۱۷۸) بعض مفسرین نے لِیُضِلُّوْا میں ''لام عاقبۃ'' لیا ہے جیسے فَالۡتَقَطَہٗۤ اٰلُ فِرۡعَوۡنَ لِیَکُوۡنَ لَہُمۡ عَدُوًّا وَّ حَزَنًا (القصص۔۸) میں ''لام عاقبۃ'' اس وقت مطلب یہ ہو گا کہ یہ سامان دیا تو اس لئے تھا کہ امور خیر میں خرچ کریں اور نعمتوں کو لے کر منعم حقیقی کو پہچانیں ۔ اس کے شکر گذار بندے بنیں۔ مگر اس کے برخلاف انہوں نے اپنی بدبختی سے خدا کی نعمتوں کو لوگوں کو بہکانے اور گمراہ کرنے میں ایسا بے دریغ خرچ کیا گویا وہ اسی کام کے لئے ان کو دی گئ تھیں اس تفسیر پر کوئی اشکال وارد نہیں ہوتا۔
حضرت موسٰی علیہ السلام کی بد دعا
جب موسٰیؑ مدت دراز تک ہر طرح ہدایت کر چکے اور عظیم الشان معجزات دکھلا چکے مگر معاندین کا جہود و عناد بڑھتا ہی رہا۔ حتٰی کہ تجربہ اور طول صحبت یا وحی الہٰی سے پوری طرح ثابت ہو گیا کہ یہ لوگ کبھی ایمان لانے والے نہیں ، تب ان کی ہلاکت کی دعا فرمائی تا ان کی گندگی سے دنیا جلد پاک ہو اور دوسروں کے لئے ان کی بد انجامی درس عبرت بنے۔ آپ نے بد دعا کی کہ خداوندا! ان کے اموال کو تباہ اور ملیا میٹ کر دے۔ اور ان کے دلوں پر سخت گرہ لگا دے جن میں کبھی ایمان و یقین نفوذ نہ کرے۔ بس اسی وقت یقین حاصل ہو جب اپنی آنکھوں سے عذاب الیم کا مشاہدہ کر لیں یہ دعا ان کے حق میں ایسی سمجھو جیسے ابلیس کو ''لعنہٗ اللہ'' یا کفار کو ''خذلھم اللہ'' کہا جاتا ہے۔ حالانکہ ان کی ملعونیت وخذلان کا قطعی فیصلہ پیشتر سے کیا جاچکا ہے۔ حضرت شاہ صاحبؒ نے آیت کی تقریر دوسری طرز سے کی ہے، فرماتے ہیں ''سچے ایمان کی ان سے امید نہ تھی مگر جب کچھ آفت پڑتی تو جھوٹی زبان سے کہتے کہ اب ہم مانیں گے اس میں عذاب تھم جاتا کام فیصل نہ ہوتا۔ دعا اس واسطے مانگی کہ یہ جھوٹا ایمان نہ لائیں دل ان کے سخت رہیں تا عذاب پڑ چکے اور کام فیصل ہو''۔