مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ یونس آیت 91 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

ءَآلْـَٔـٰنَ وَقَدْ عَصَيْتَ قَبْلُ وَكُنتَ مِنَ ٱلْمُفْسِدِينَ ﴿٩١﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

غرق کے وقت فرعون کا کلمہ ایمان

موسٰیؑ کئ لاکھ بنی اسرائیل کو لیکر مصر سے نکلے ، فرعون کو خبر ہوئی تو ایک لشکر جرار لے کر تعاقب کیا۔ تا اس کے پنجہ ظلم سے چھوٹنے نہ پائیں۔ بنی اسرائیل جب بحر قلزم کے کنارے پہنچے ، تو سخت پریشان ہوئے آگے سمندر اور پیچھے فرعون کا لشکر دباتا چلا آرہا تھا موسٰیؑ نے تسلی دی اور حق تعالیٰ کے حکم سےلاٹھی دریا پر ماری۔ سمندر کا پانی ادھر ادھر کھڑا ہو گیا اور درمیان میں خدا نے بارہ راستے خشک بنا دیے۔ یہ پار ہوئے ، ادھر فرعون لشکر سمیت سمندر کے کنارے پہنچ گیا۔ خشک راستے دیکھ کر سب نے اسی میں گھوڑے ڈال دیے ۔ جب ایک ایک کر کے تمام فوج دریا کے وسط میں پہنچی ، پانی کو حکم ہوا کہ مل جائے تو فورًا پانی کے طبقات مل گئے ، سب لشکر اور سامان موجوں کی نذر ہو گیا۔ فرعون نے دیکھا کہ اب ڈوبتا ہوں اس وقت گھبرا کر ایمان و اسلام کا لفظ زبان پر لایا کہ شاید بنی اسرائیل کا خدا ایمان کا لفظ سن کر دریا کی موجوں سے باہر نکال دے۔ اس پر خدا کی طرف سے ارشاد ہوا۔ آٰلۡـٰٔنَ وَ قَدۡ عَصَیۡتَ قَبۡلُ الخ یعنی ساری عمر مخالف ہو کر گمراہی پھیلاتا اور شرارتیں کرتا رہا۔ اب عذاب دیکھ کر یقین لایا اس وقت کا یقین کیا معتبر ہے فَلَمۡ یَکُ یَنۡفَعُہُمۡ اِیۡمَانُہُمۡ لَمَّا رَاَوۡا بَاۡسَنَا ؕ سُنَّتَ اللّٰہِ الَّتِیۡ قَدۡ خَلَتۡ فِیۡ عِبَادِہٖ ۚ وَ خَسِرَ ہُنَالِکَ الۡکٰفِرُوۡنَ (المومن۔۸۵) ۔(تنبیہ) قبض روح اور معائنہ عذاب کے وقت ایمان لانا ''ایمان غرغرہ'' یا ''ایمان بأس'' یا ''ایمان یاس''کہلاتا ہے۔ جو ''اہل السنۃ والجماعت'' کے نزدیک نافع نہیں شیخ عبدالوہاب شعرانی نے ''کتاب الیواقیت ولجواہر'' میں ''فتوحات مکتیہ'' سے عبارت نقل کی ہے۔ جس میں ایمان فرعون کی بابت یہ ہی تصریح ہے اور دیباچہ میں لکھا ہے کہ ''فتوحات'' کے نسخوں میں ملحدین و زنادقہ نے بہت سی عبارتیں موسوس کر دی ہیں میرے پاس جو نہایت مستند و معتبر نسخہ ''فتوحات'' کا ہے اس میں ان عبارتوں کا پتہ نہیں ۔ واللہ اعلم۔ (فائدہ) اخیر وقت میں فرعون سے لفظ اٰمَنْتُ کہلا کر حضرت موسٰیؑ کی دعا فَلَا یُؤۡمِنُوۡا حَتّٰی یَرَوُا الۡعَذَابَ الۡاَلِیۡمَ کی مقبولیت کا خدا نے مشاہدہ کرا دیا۔