یعنی فرعونیوں کو ہلاک کر کے اول ملک مصر دیا۔ پھر کچھ عرصہ کے بعد عمالقہ کو نکال کر ملک شام دیا گیا۔ دونوں ملک سرسبز و شاداب ہیں جہاں ستھری اور لذیذ چیزوں کی افراط ہے ۔ غرضیکہ بنی اسرائیل حلال و طیب نعمتوں سے مالا مال کر دیے گئے۔
بنی اسرائیل میں اختلاف اور فرقہ بندی
یعنی مادی انعام و اکرام کے ساتھ دینی و روحانی نعمت سے سرفراز فرمایا کہ تورات شریف کا علم دیا۔ جس میں دین کے اصول و فروع بیان ہوئے تھے۔ اور اگلے پچھلوں کے متعلق خبریں تھیں ان واضح حقائق سے خبردار ہونے کے بعد لائق نہ تھا کہ ایسی صاف چیزوں میں اختلاف کر کے آپس میں پھوٹ ڈالیں۔ اور فرقہ بندی کی نحوست میں گرفتار ہوں ۔ مگر باوجود علم صحیح اور خبر صادق پہنچ جانے کے طرح طرح کے اختلافات پیدا کئے اور پھوٹ ڈال کر رہے۔ بعض احکام میں اپنے پیغمبر (موسٰیؑ) سے بھی کٹ حجتی کی جیسا کہ ذبح بقر کے واقعہ میں گذرا ۔ بعد میں آنے والے پیغمبروں خصوصًا خاتم النبیین ﷺ کی بعض نے تصدیق اور اکثروں نے تکذیب کی حالانکہ ان کے متعلق بہت سی پیشین گوئیوں پر مطلع ہو چکے تھے ۔ بلکہ بعثت محمدی سے پہلے نبی آخر الزماں کی آمد کے منتظر تھے اور مشرکین سےکہتے تھے کہ ہم پیغمبر آخر الزماں کے ساتھ ہو کر تمہاری خبر لیں گے۔ نہ صرف اسی مسئلہ میں اختلاف ہوا بلکہ خود اپنے مذہب میں تحریف کر کے اصول و فروع بدل ڈالے اور رفتہ رفتہ بیسیوں فرقے پیدا ہو گئے۔ مسیحؑ سے تین سو برس بعد قسطنطین اعظم جو ایک فلسفی مزاج بادشاہ تھا ازراہ نفاق دین نصرانیت میں داخل ہوا تو پادریوں نے اس کی خاطر جدید قوانین وضع کئے اور نئی شریعت بنائی اس نے ان کے لئے بڑے بڑے گرجا اور معابد و مشاہد تعمیر کراٹے اور اس نئے دین مسیحی کو جو اصلی مسیحیت کو بگاڑ کر تیار کیا گیا تھا خوب اشاعت ہوئی ۔ بجز چند تارک الدنیا راہبوں کے جو بستیوں سےالگ جنگلوں اور پہاڑوں میں جارہے تھے ، کوئی شخص اصلی دین مسیحی پر قائم نہ رہا تھا۔ صلیب کی پرستش ، مشرق کی طرف نماز پڑھنا ، کلیساؤں میں مسیح و مریم وغیرہ کی تصاویر پوجنا ، خنزیر وغیرہ کو حلال کرنا اور اسی طرح کی تحریفات نے حقیقی مسیحیت کو بالکل مسخ کر ڈالا۔ اور یہ ہی مسخ شدہ مسیحیت ساری دنیا پھیل گئ۔ یہ زمانہ تھا۔ جب ملک شام بیت المقدس ، جزیرہ اور بلاد روم پر ''نصاریٰ'' کا تسلط تھا۔ تاآنکہ فاروق اعظم کے عہد میں صحابہؓ نے ان ممالک کو نصاریٰ کے قبضہ سے نکالا۔ واللہ الحمد والمنہ۔