نمازوں کے اوقات
ظالموں کی طرف مت جھکو۔ بلکہ خدائے وحدہٗ لا شریک لہٗ کی طرف جھکو۔ یعنی صبح و شام اور رات کی تاریکی میں خشوع و خضوع سے نمازیں ادا کرو کہ یہ ہی بڑا ذریعہ خدا کی مدد حاصل کرنے کا ہے۔ (تنبیہ) دن کے دونوں طرف یعنی طلوع و غروب سے پہلے فجر اور عصر کی نمازیں مراد ہیں۔ یا ایک طرف فجر اور دوسری طرف مغرب کو رکھا جائے ۔ کہ وہ بھی بالکل غروب کے متصل ہوتی ہے۔ اور بعض سلف کے نزدیک اس میں فجر اور ظہر و عصر تینوں نمازیں داخل ہیں۔ گویا دن کے دو حصے کر کے پہلے حصہ میں فجر کو اور دوسرے حصہ میں جو نصف النہار سے شروع ہو کر غروب پر ختم ہوتا ہے ، دونوں نمازوں (ظہر و عصر) کو شمار کر لیا۔ اور زُلَفًا مِّنَ الَّیْلِ سے فقط "عشاء" یا "مغرب و عشاء" دونوں مراد ہیں ابن کثیر نے یہ احتمال بھی لکھا ہے کہ طَرَفَیِ النَّھَارِ سے فجر و عصر اور زُلَفًا مِّنَ الَّیْلِ سے تہجد مراد ہو۔ کیونکہ ابتدائے اسلام میں یہ ہی تین نمازیں فرض ہوئی تھیں۔ بعدہٗ تہجد کی فرضیت منسوخ ہوئی اور باقی دو کے ساتھ تین کا اضافہ کیا گیا۔ واللہ اعلم۔
نماز کے فوائد
ینعی نمازوں کا قائم رکھنا ، خدا کی یادگاری ہے۔ جیسے دوسری جگہ فرمایا۔ اَقِمِ الصَّلٰوۃَ لِذِکۡرِیۡ (طٰہٰ۔۱۱۴) یا یہ مطلب ہے کہ اِنَّ الۡحَسَنٰتِ یُذۡہِبۡنَ السَّیِّاٰتِ کا ضابطہ یاد رکھنے والوں کے لئے یاد رکھنے کی چیز ہے ۔ جسے کبھی فراموش نہ کرنا چاہئے ، کیونکہ اس سے مومن کو نیکیوں کی طرف خاص ترغیب ہوتی ہے۔ حضرت شاہ صاحبؒ لکھتے ہیں کہ "نیکیاں دور کرتی ہیں برائیوں کو تین طرح ، جو نیکیاں کرے اس کی برائیاں معاف ہوں ، اور جو نیکیاں اختیار کرے اس سے خو برائیوں کی چھوٹے ، اور جس ملک میں نیکیوں کا رواج ہو وہاں ہدایت آئے اور گمراہی مٹے ، لیکن تینوں جگہ وزن غالب چاہئے۔ جتنا میل اتنا صابون"۔