مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ ہود آیت 123 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

وَلِلَّهِ غَيْبُ ٱلسَّمَـٰوَٰتِ وَٱلْأَرْضِ وَإِلَيْهِ يُرْجَعُ ٱلْأَمْرُ كُلُّهُۥ فَٱعْبُدْهُ وَتَوَكَّلْ عَلَيْهِ ۚ وَمَا رَبُّكَ بِغَـٰفِلٍ عَمَّا تَعْمَلُونَ ﴿١٢٣﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو توکل کا حکم

یعنی آپ ان کے کفر و شرارت سے دلگیر نہ ہوں اپنا کام کئے جائیں اور ان کا فیصلہ خدا کے حوالہ کریں ، اس سے آسمان و زمین کی کوئی بات چھپی نہیں ، سب معاملات ہر پھر کر اسی کی طرف لوٹنے والے ہیں۔ وہاں ان کو پتہ لگ جائے گا کہ وہ کس خبط میں پڑے ہوئے تھے ۔ آپ تو دل و جان سے اپنے پروردگار کی بندگی اور فرمانبرداری میں لگے رہئے۔ اور تنہا اسی کی اعانت پر بھروسہ رکھئے۔ وہ تمہارے مخلصانہ اعمال سے بے خبر نہیں ان کے مناسب تم سے معاملہ کرے گا۔ حدیث میں ہے کہ صحابہ رضی اللہ عنہم نے سوال کیا یا رسول اللہ! آپ پر بڑھاپے کے آثار بہت جلد آ گئے ؟ فرمایا شَیَّبَتْنِیْ ھُوْدوَاَخْوَاتُھَا سورہ ہود اور اور اس کی بہنوں نے مجھے بوڑھا کر دیا۔ بعض علماء نے لکھا ہے کہ سورہ ہود کی جس آیت نے آپ کو بوڑھا کر دیا یہ تھی۔ فَاسۡتَقِمۡ کَمَاۤ اُمِرۡتَ وَ مَنۡ تَابَ مَعَکَ وَ لَا تَطۡغَوۡا ؕ اِنَّہٗ بِمَا تَعۡمَلُوۡنَ بَصِیۡرٌ (ہود۔۱۲) رزقنا اللہ سبحانہ وتعالیٰ الا ستقامۃ علی دینہ و سنۃ نبیہ صلی اللہ علیہ وسلم ۔ تم سورۃ ہود بفضلہ ومنہ۔