شاہد کی تفسیر
یعنی یہ شخص اور وہ ریاکار دنیا پرست جن کا ذکر پہلے ہوا ، کیا برابر ہو سکتے ہیں ؟ ہر گز نہیں۔ "بینہ" (صاف رستہ) سے مراد وہ رستہ ہے جس پر انسان اپنی اصلی اور صحیح فطرت کے موافق چلنا چاہتا ہے ۔ بشرطیکہ گردوپیش کے حالات و خیالات سے متاثر نہ ہو۔ اور وہ توحید ، اسلام اور قرآن کا راستہ ہے۔ فَاَقِمۡ وَجۡہَکَ لِلدِّیۡنِ حَنِیۡفًا ؕ فِطۡرَتَ اللّٰہِ الَّتِیۡ فَطَرَ النَّاسَ عَلَیۡہَا ؕ لَا تَبۡدِیۡلَ لِخَلۡقِ اللّٰہِ ؕ ذٰلِکَ الدِّیۡنُ الۡقَیِّمُ (روم۔۳۰) وفی الحدیث کُلُّ مَوْلُوْدِ یُوْلُّدُ عَلَی الْفِطْرَۃِ فَاَبَوَاہُ یُہَوِّدَانِہٖ اَوْ یُنَصِّرَانِہٖ اَوْ یُمَجِّسَا الخ اور شَاھِدٌ مِّنْہُ (گواہ اللہ کی طرف سے) قرآن عظیم ہے جو گواہی دیتا ہے کہ "دین فطرت" (توحید و اسلام) پر چلنے والا بیشک ٹھیک راستہ پر چل رہا ہے اور وہ قرآن اپنی حقانیت کا بھی خود گواہ ہے آفتاب آمد دلیل آفتاب ۔ چونکہ قرآن کے لانے والے جبریل امین اور لینے والے محمد ﷺ ہیں اس اعتبار سے ان کو بھی شاہد کہہ سکتے ہیں بلکہ حضور ﷺ کی شان تو یہ ہے کہ آپ کے اخلاق و عادات ، معجزات ، زبان مبارک ، چہرہ نورانی ہر چیز سےشہادت ملتی ہے کہ جس دین کے آپ حامل ہیں وہ بالکل سچا دین ہے۔ آگے وَ مِنۡ قَبۡلِہٖ کِتٰبُ مُوۡسٰۤی اِمَامًا وَّ رَحۡمَۃً کا مطلب یہ ہے کہ قرآن سے پہلے جو وحی کسی نبی پر نازل کی گئ وہ بھی "دین فطرت" کی صداقت پرگواہ تھی۔ خصوصًا موسٰیؑ پر جو عظیم الشان کتاب (تورات) اتاری گئ قرآن سے پیشتر اسے ایک بڑا بھاری شاہد ان لوگوں کی حقانیت کا کہنا چاہئے جو دین فطرت کے صاف راستہ پر چلتےہیں۔
نجات کا واحد راستہ قرآن ہے
یعنی یہود ، نصاریٰ ، بت پرست ، مجوس ، عرب ، عجم ، یورپ ، ایشیا، کسی فرقہ جماعت اور ملک و ملت سے تعلق رکھتا ہو جب تک قرآن کو نہ مانے گا نجات نہیں ہو سکتی ۔ جیسا کہ صحیح مسلم وغیرہ کی بعض احادیث میں آپ ﷺ نے بہت تصریح و تعمیم کے ساتھ بیان فرمایا ہے۔
یہ خطاب ہر شخص کو ہے جو قرآن سنے یا حضور ﷺ کو مخاطب بنا کر دوسروں کو سنانا مقصود ہے کہ قرآن کی صداقت اور "من اللہ" ہونے میں قطعًا شک و شبہ کی گنجائش نہیں ۔جو لوگ نہیں مانتے وہ احمق ہیں یا معاند۔