حضرت نوح علیہ السلام کی تقریر
یعنی میں تبلیغ کے کام کی کوئی تنخواہ تم سے نہیں مانگتا ، جو مالی خود غرضی کا شبہ ہو۔ میں اپنے پروردگار کا نوکر ہوں اسی کے یہاں سے مزدوری ملے گی۔ بحمد اللہ نہ مجھے تمہارے مال کی طلب ہے نہ ضرورت ۔ پھر غریبوں کو چھوڑ کر مالداروں کی طرف کیوں جھکوں۔ اگر تم میرے اتباع کو محض ان کے افلاس یا پیشہ کی وجہ سے حقیر و ذلیل سمجھتے ہو تو خوب سمجھ لو کہ میں وہ نہیں جو دولت ایمان کےسرمایہ داروں کو ظاہری خستہ حالی کی بناء پر جانوروں کی طرح دھکے دے کر نکال دوں انہیں ایک روز اپنے پروردگار سے ملنا ہے۔ وہ میری شکایت اس کے دربار میں کریں گے کہ آپ کے پیغمبر نے متکبر دنیاداروں کی خاطر ہم غریب وفاداروں کو نکال دیا تھا۔ میں ظاہر حال کے خلاف یہ کیونکر سمجھ لوں کہ ان کا ایمان محض ظاہر اور سرسری ہے۔ دلوں کو چیر کر دیکھنا میرا کام نہیں۔ یہ پروردگار کے یہاں پتہ چلے گا کہ ان کے دلوں کی کیا حالت تھی۔
یعنی جہل و حماقت سے انجام پر نظر نہیں کرتے ، صرف انکی ظاہری شکستگی دیکھ کر حقیر سمجھتے ہو۔ اور ایسی مہمل درخواست کرتے ہو کہ ان کو ہٹا دیا جائے تو ہم تمہارے پاس آئیں۔ کیا غربت اور کسب حلال کوئی عیب ہے ؟ یہ ہی چیز تو ہے جو حق کے قبول کرنے میں مزاحم نہیں ہوتی عمومًا دولت و جاہ کا نشہ انسان کو قبول حق سے محروم رکھتا ہے۔ اسی لئے ہرقل کی حدیث میں آتا ہے کہ انبیاء کے متبعین ضعفاء ہوتے ہیں بہرحال تم نہیں جانتےکہ سب کو خدا کے پاس جمع ہونا ہے ، وہاں پہنچ کر ظاہر ہو گا کہ اپنے کو ان سے بہتر سمجھنا تمہارا جاہلانہ غرور تھا۔