حضرت نوح علیہ السلام کی تقریر
کفار نے نوحؑ کو کہا تھا کہ تم ہمارے جیسے بشر ہو جتھے اور دولت کے اعتبار سے بھی کچھ امتیاز نہیں رکھتے اس کا جواب نہایت متانت و انصاف کے ساتھ دیتے ہیں کہ بیشک جیسا امتیاز تم دیکھنا چاہتے ہو اس کا ہم دعویٰ نہیں رکھتے۔ بلاشبہ میں ایک بشر ہوں ، فرشتہ نہیں نہ خدا نے اپنے سارے خزانے میرے تصرف و اختیار میں دیدیے ہیں ، نہ تمام غیب کی باتوں پر مطلع کیا گیا ہوں ، لیکن ان تمام باتوں کے اعتراف کے ساتھ تمہاری طرح یہ کبھی نہ کہوں گا کہ جو لوگ تمہاری نگاہ میں معیوب و حقیر ہیں (یعنی میں اور میرے رفقاء) ان کو خدا ہرگز کوئی خیر (بھلائی) نہیں دے سکتا۔ مثلاً ان میں سے کسی کو نبوت و حکمت عطا فرما دے اور باقیوں کو ایمان و عرفان کی دولت سے بہرہ ور کرے۔ خوب سمجھ لو حق تعالیٰ ان کےدلوں کی استعدادات و کیفیات کو پوری طرح جانتا ہے۔ ہر ایک کی استعداد کے مناسب فیض پہنچاتا اور باطنی احوال و کیفیات کے موافق برتاؤ کرتا ہے۔ اس نےجو خاص مہربانی مجھ پر یا میرے ساتھیوں پر کی ہے ، وہ تمہاری آنکھ سے پوشیدہ ہے ۔ اگر میں یہ کہنے لگوں کہ جو تمہیں بظاہر شکستہ حال اور حقیر دکھائی دیتےہیں۔ خدا تعالیٰ نے بھی جو بواطن کا جاننے والا ہے انہیں کوئی عزت و شرف نہیں بخشا ، تو نہایت بے اصول اور ناانصافی کی بات ہو گی۔ (تنبیہ) اس آیت کے ابتدائی تین جملے سورہ انعام میں گذر چکے ۔ وہاں کے فوائد میں دیکھ لئے جائیں۔