واقعہ نوح علیہ السلام پر کفار مکہ کا اعتراض
یہ گفتگو کفار مکہ کی آنحضرت ﷺ کے ساتھ تھی کہ قرآن آپ خود بنا لائے ہیں۔ خدا کا کلام نہیں ہے۔ حضرت نوحؑ کتاب نہ لائے تھے جو ان کی قوم یہ بات کہتی۔ (کذا فی ا لموضح) لیکن بعض مفسرین نے اس آیت کو بھی نوحؑ کے قصہ کا جزو بتلایا ہے۔ یعنی ان کی قوم نے کہا کہ جن باتوں کو نوحؑ خدا کی طرف منسوب کرتے ہیں وہ خود ان کی گھڑنت ہیں۔ بعض نے کہا کہ گفتگو تو اہل مکہ کی حضور سے ہے مگر اس کا تعلق خاص نوحؑ کے قصہ سے تھا۔ گویا وہ کہتے تھے کہ یہ داستان آپ نے جھوٹ بنا لی ہے۔ واقع میں ان قصوں کی کوئی اصل نہیں۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا جواب
قرآن کو مفتریٰ کہنے کا تحقیقی جواب اسی سورت میں ایک رکوع پہلے گذر چکا۔ یہاں آخری بات فرمائی یعنی قرآن کا کلام الہٰی ہونا نہایت واضح و محکم دلائل سے باربار ثابت کیا جا چکا ہے۔ ایسی روشن چیز کی تکذیب کر کے جو گناہ تم سمیٹ رہے ہو۔ اس کا وبال تم ہی پر پڑے گا۔ اُس کی فکر کرو۔ میں کافی تبلیغ کرکے بری الذمہ ہو چکا ہوں۔ اب جو غلطیاں تم کرو اس کا میں ذمہ دار نہیں۔ ہاں بفرض محال اگر میں نے افتراء کیا ہو تو اس کا گناہ مجھ پر پڑ سکتا ہے۔ سو بحمداللہ ایسا ہوا نہیں۔