حضرت نوح علیہ السلام کا اپنے بیٹے کو سمجھانا
یعنی کشتی پہاڑ جیسی موجوں کو چیرتی پھاڑتی بے خوف و خطر چلی جارہی تھی۔ سوار ہونے کے بعد نوحؑ نے اپنے بیٹے یام (کنعان) کو جو اپنے باپ بھائی وغیرہ سارے کنبہ سے کنارے ہو کر کافروں کی صحبت میں تھا آواز دی کہ ان بدبخت کافروں کی معیت چھوڑ کر ہمارے ساتھ سوار ہو جا! تا اس مصیبت عظمیٰ سے نجات پاسکے۔ (تنبیہ) یا تو نوحؑ اسے مومن خیال کرتے تھے، اس لئے آواز دی خواہ واقع میں مومن نہ ہو۔ یا کافر جانتے ہوں مگر یہ توقع ہو گی کہ ان ہولناک نشانات کو دیکھ کر مسلمان ہو جائے گا۔ یا وَاَھْلَکَ کے عموم میں داخل سمجھ کر شفقت پدری کے جوش سے ایسا کیا ہو اور اِلَّا مَنْ سَبَقَ عَلَیْہِ الْقَوْلُ کو مجمل ہونے کی وجہ سے اس پر منطبق نہ سمجھتے ہوں۔ واللہ اعلم۔