مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ ہود آیت 91 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

قَالُوا۟ يَـٰشُعَيْبُ مَا نَفْقَهُ كَثِيرًا مِّمَّا تَقُولُ وَإِنَّا لَنَرَىٰكَ فِينَا ضَعِيفًا ۖ وَلَوْلَا رَهْطُكَ لَرَجَمْنَـٰكَ ۖ وَمَآ أَنتَ عَلَيْنَا بِعَزِيزٍ ﴿٩١﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

قوم شعیب علیہ السلام کی ہٹ دھرمی

سمجھتے سب کچھ تھے لیکن عناد اور حق پوشی سے ایسا کہتے تھے کہ تیری بات کچھ نہیں سمجھتے نہ معلوم کیا مجذوبوں کی بڑ ہانک رہا ہے (العیاذ باللہ) اور اگر واقع وہ ایسی سیدھی اور صاف باتیں بے توجہی یا غباوت کی وجہ سے سمجھتے نہ تھے تو یہ کلام اپنے ظاہر پر محمول ہو گا۔

یعنی ایک کمزور اور بے حقیقت آدمی خواہ مخواہ سارے جہان کو اپنا دشمن بنا رہا ہے اسے چاہئے اپنے حال پر رحم کھائے ، بیٹھے بٹھائے اپنے کو موت کے منہ میں ڈالنے سے کیا فائدہ ہے (تنبیہ) بعض سلف سے "ضعیف" کے معنی "ضریر البصر" (نابینا) کے منقول ہیں۔ شاید کسی خاص وقت میں عارضی طور پر ظاہری بینائی جاتی رہی ہو۔ جیسے یوسفؑ کے فراق میں حضرت یعقوبؑ کا حال ہوا تھا۔ مفسرین نے بعض روایات نقل کی ہیں کہ حضرت شعیبؑ روتے بہت تھے ، حتٰی کہ نگاہ جاتی رہی حق تعالیٰ نے فرمایا کہ شعیبؑ! اس قدر کیوں روتا ہے ؟ جنت کے شوق میں یا دوزخ کے ڈر سے ؟ عرض کیا پروردگار! تیری لقاء کا خیال کر کے روتا ہوں کہ جس وقت آپ کا دیدار ہو گا نہ معلوم میرے ساتھ کیا برتاؤ کریں گے ؟ ارشاد ہوا تجھ کو ہماری لقاء (دیدار) مبارک ہو ، اے شعیبؑ! اسی لئے میں نے اپنے کلیم موسٰی ابن عمران کو تیری خدمت کے لئے کھڑا کر دیا ہے ، کہتے ہیں خدا نے انکی بینائی واپس کر دی۔ واللہ تعالیٰ اعلم بصحتہ ۔

یعنی تیرے کنبہ کے لوگ جو ہمارے ساتھ ہیں ان کا خیال آتا ہے ورنہ اب تک تجھے سنگسار کر ڈالتے۔