قوم شعیب علیہ السلام پر اللہ کا عذاب
یہاں قوم شعیبؑ کا کڑک (فرشتہ کی چیخ) سے ہلاک ہونا مذکور ہے اور اعراف میں "رجفہ" کا لفظ آیا ہے۔ یعنی زلزلہ سے ہلاک ہوئے۔ اور سورہ شعراء میں عَذَابُ یَوۡمِ الظُّلَّۃِ (شعراء۔۱۸۹) آیا ہے۔ جس کا مطلب یہ ہے کہ عذاب کے بادل سائبان کی طرح ان پر محیط ہو گئے۔ ابن کثیر لکھتے ہیں کہ یہ تنیوں قسم کے عذاب اس قوم کے حق میں جمع کر دیے گئے تھے۔ پھر ہر سورت میں وہاں کے سیاق کے مناسب عذاب کا ذکر کیا گیا ۔ اعراف میں تھا کہ ان لوگوں نے شعیبؑ سے کہا کہ ہم تم کو اور تمہارے ساتھیوں کو اپنی سرزمین سے نکال دیں گے ۔ وہاں بتلا دیا کہ جس زمین سے نکالنا چاہتے تھے ، اسی کے زلزلہ سے ہلاک ہوئے یہاں ان کے سخت گستاخانہ مقالات کا ذکر تھا ، اس لئے بالمقابل آسمانی "صیحہ" (کڑک) کا ذکر فرمایا۔ گویا عذاب الہٰی کی ایک کڑک میں ان کی سب آوازیں گم ہو گئیں ، سورہ شعراء میں ان کا یہ قول نقل کیا ہے فَاَسۡقِطۡ عَلَیۡنَا کِسَفًا مِّنَ السَّمَآءِ اِنۡ کُنۡتَ مِنَ الصّٰدِقِیۡنَ (شعراء۔۱۸۷) یعنی اگر تو سچا ہے تو ہم پر آسمان کا ایک ٹکڑا گرا دے ، اس کے مقابلہ میں عَذَابُ یَوۡمِ الظُّلَّۃِ کا تذکرہ فرمایا۔
یعنی دونوں "صیحہ" سے ہلاک ہوئے۔