کفار کو تنبیہ
یعنی تاخیر عذاب سے دھوکہ مت کھاؤ۔ پہلی قوموں کو بھی لمبی مہلتیں دی گئیں۔ اور عذاب آنے میں اتنی دیر ہوئی کہ منکرین بالکل بے فکر ہو کر بیش از بیش شرارتیں کرنے لگے۔ یہ حالات دیکھ کر پیغمبروں کو ان کے ایمان لانے کی امید نہ رہی ، ادھر خدا کی طرف سے انکو ڈھیل اس قدر دی گئ کہ مدت دراز تک عذاب کے کچھ آثار نظر نہ آتے تھے ۔ غرض دونوں طرف کے حالات و آثار پیغمبروں کے لئے یاس انگیز تھے یہ منظر دیکھ کر کفار نے یقینی طور پر خیال کر لیا کہ انبیاء سے جو وعدے ان کی نصرت اور ہماری ہلاکت کے کئے گئے تھے سب جھوٹی باتیں ہیں۔ عذاب وغیرہ کا ڈھکوسلہ صرف ڈرانے کے واسطے تھا۔ انبیاء کی ناامیدی کا مفہوم: کچھ بعید نہیں کہ ایسی مایوس کن اور اضطراب انگیز حالت میں انبیاء کے قلوب میں بھی یہ خیالات آنے لگے ہوں کہ وعدہ عذاب کو جس رنگ میں ہم نے سمجھا تھا وہ صحیح نہ تھا۔ یا وساوس و خطرات کے درجہ میں بے اختیار یہ وہم گذرنے لگے ہوں کہ ہماری نصرت اور منکرین کی ہلاکت کے جو وعدے کئے گئے تھے کیا وہ پورے نہ کئے جائیں گے ؟ جیسے دوسری جگہ فرمایا وَ زُلۡزِلُوۡا حَتّٰی یَقُوۡلَ الرَّسُوۡلُ وَ الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا مَعَہٗ مَتٰی نَصۡرُ اللّٰہِ (بقرہ۔۲۱۴) جب مجرمین کی بے خوفی اور انبیاء کی تشویش اس حد تک پہنچ گئ اس وقت ناگہاں آسمانی مدد آئی۔ پھر جس کو خدا نے چاہا (یعنی فرمانبردار مومنین کو) محفوظ و مصئون رکھا۔ اور مجرموں کی جڑ کاٹ دی۔ (تنبیہ ۱) اللہ تعالیٰ کی غیر محدود رحمت و مہربانی سے مایوس ہونا کفر ہے۔ لیکن ظاہری حالات و اسباب کے اعتبار سے ناامیدی کفر نہیں ۔ یعنی یوں کہہ سکتے ہیں کہ فلاں چیز کی طرف سے جہاں تک اسباب ظاہری کا تعلق ہے مایوسی ہےلیکن حق تعالیٰ کی رحمت کاملہ سے مایوسی نہیں۔ آیت حَتّٰۤی اِذَا اسۡتَیۡـَٔسَ الرُّسُلُ میں یہ ہی مایوسی مراد ہے جو ظاہری حالت و آثار کے اعتبار سے ہو ، ورنہ پیغمبر خدا کی رحمت سے کب مایوس ہو سکتے ہیں۔ (تنبیہ ۲) کفر کا وسوسہ کفر نہیں نہ کسی درجہ میں ایمان یا عصمت کے منافی ہے۔ حدیث میں آیا ہے کہ صحابہؓ نےعرض یا رسول اللہ! ہم اپنے دلوں میں ایسی چیزیں (بے اختیار) پاتےہیں جن کے زبان پر لانے سے ہم بہتر سمجھتے ہیں کہ جل کر کوئلہ ہو جائیں۔ آپ نے فرمایا کیا ایسا پاتے ہو ؟ عرض کیا "ہاں" فرمایا "ذالک صریح الایمان" یہ تو کھلا ہوا ایمان ہے۔