مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ یوسف آیت 18 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

وَجَآءُو عَلَىٰ قَمِيصِهِۦ بِدَمٍ كَذِبٍ ۚ قَالَ بَلْ سَوَّلَتْ لَكُمْ أَنفُسُكُمْ أَمْرًا ۖ فَصَبْرٌ جَمِيلٌ ۖ وَٱللَّهُ ٱلْمُسْتَعَانُ عَلَىٰ مَا تَصِفُونَ ﴿١٨﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

بھائیوں کی جھوٹی کہانی

ایک بکری یا ہرن وغیرہ ذبح کر کے اس کا خون یوسفؑ کی قمیض پر چھڑک لائے تھے وہ جھوٹا خون پیش کر کے باپ کو یقین دلانے لگے کہ بھیڑیے کے زخمی کرنے سے یہ کرتہ خون آلود ہو گیا۔

حضرت یوسف علیہ السلام کا خون آلود کرتہ

بھلا جس کو شام میں بیٹھ کر مصر سے یوسفؑ کے کرتہ کی خوشبو آتی تھی وہ بکری کے خون پر یوسفؑ کے خون کا گمان کب کر سکتا تھا۔ انہوں نے سنتے ہی جھٹلا دیا ۔ اور جیسا کہ بعض تفاسیر میں ہے کہنے لگے کہ وہ بھیڑیا واقع بڑا حلیم و متین ہو گا جو یوسفؑ کو لے گیا اور خون آلود کرتہ کو نہایت احتیاط سے صحیح و سالم اتار کر رکھ گیا ۔ سچ ہے "دروغ گو را حافظہ نہ باشد"۔ خون کے چھینٹے تو دیے مگر یہ خیال نہ رہا کہ قمیص کو بے ترتیبی سے نوچ کر اور پھاڑ کر پیش کرتے ۔ حضرت یعقوبؑ نے صاف طور پر فرما دیا کہ یہ سب تمہاری سازش اور اپنےدلوں سے تراشی ہوئی باتیں ہیں۔ بہرحال میں صبر جمیل اختیار کر تا ہوں جس میں نہ کسی غیر کے سامنے شکوہ ہو گا نہ تم سے انتقام کی کوشش۔ صرف اپنے خدا سے دعاء کرتا ہوں کہ اس صبر میں میری مدد فرمائے اور اپنی اعانت غیبی سے جو باتیں تم ظاہر کر رہے ہو ، ان کی حقیقت اس طرح آشکارا کر دے کہ سلامتی کے ساتھ یوسفؑ سے دوبارہ ملنا نصیب ہو ۔ معلوم ہوتا ہے کہ یعقوبؑ کو مطلع کر دیا گیا تھا کہ جس امتحان میں وہ مبتلا کئے گئے ہیں وہ پورا ہو کر رہے گا اور ایک مدت معین کے بعد اس مصیبت سے نجات ملے گی۔ فی الحال ڈھونڈھنے یا انتقامی تدابیر اختیار کرنے سے کوئی فائدہ نہیں ۔ یوسفؑ ابھی ملیں گے نہیں۔ ہاں دوسرے بیٹے ساری دنیا میں رسوا ہو جائیں گے اور ممکن ہے کہ طیش میں آ کر خود یعقوبؑ کو ایذا پہنچانے کی کوشش کریں۔ کذا قال الامام الرازی فی الکبیر۔ واللہ اعلم۔