حضرت یوسف علیہ السلام کا بے مثال حسن
اب زلیخا کو موقع ملا کہ عورتوں کے طعن و تشنیع کا تیر ان ہی کی طرف لوٹا دے۔ گویا اس وقت فَذٰلِکُنَّ الَّذِیۡ لُمۡتُنَّنِیۡ فِیۡہِ کہہ کر وہ اس شعر کا خلاصہ ادا کر رہی تھی ایں است کہ خوں خوردہ و دل بردہ بسے را۔ بسم اللہ اگر تاب نظم ہست کسے را۔
حضرت یوسف علیہ السلام کی پاکدامنی کی گواہی
مجمع کا رنگ دیکھ کر زلیخا بالکل ہی کھل پڑی اور واقعہ کا صاف صاف اظہار کر دیا کہ بیشک میں نے ان کا دل لینا چاہا تھا۔ مگر اس بندہ خدا نے ایسا مضبوط تھامے رکھا کہ کسی طرح نہ دیا۔ یہ خدا تعالیٰ نے شہر کی عورتوں کے مجمع میں حضرت یوسفؑ کی کمال عصمت و عفت اور غایت نزاہت و طہارت کا اقبالی ثبوت پیش کرا دیا۔ زلیخا کا حال اس وقت وہ ہی تھا جو کسی نے کہا ہے لا تحف ما سنعت بک الاشواق۔ واشرح ھواک فکلنا عشاق۔
زلیخا کی اس گفتگو میں کچھ تو عورتوں پر اپنی معذوری اور نامرادی کا اظہار تھا، تا ان کی ہمدردی حاصل کر سکے۔ اور کچھ یوسفؑ کو تحکمانہ دھمکیوں سے مرعوب کرنا تھا کہ وہ خوفزدہ ہو کر آئندہ اس کی مطلب براری پر آمادہ ہو جائیں۔ حالانکہ عنقا شکار کس نہ شود دام باز چیں۔ کا نجا ہمیشہ بادید ستست دام را۔