یعنی ان کو عصمت و عفت پر پوری طرح ثابت قدم رکھا کسی کا فریب چلنے نہ دیا۔
اللہ سے ہمیشہ اچھی چیز مانگنی چاہئے
یعنی سب کی دعائیں سنتا ہے اور خبر رکھتا ہے۔ حضرت شاہ صاحبؒ لکھتے ہیں "ظاہر معلوم ہوتا ہے کہ اپنے مانگنے سے قید میں پڑے ۔ لیکن اللہ تعالیٰ نے اتنا ہی قبول فرمایا کہ ان کا فریب دفع کر دیا ، باقی قید ہونا تھا قسمت میں ۔ آدمی کو چاہئے کہ گھبرا کر اپنے حق میں برائی نہ مانگے ، پوری بھلائی مانگے گو ہو گا وہی جو قسمت میں ہے "۔ترمذی میں ہے کہ ایک شخص کو حضور ﷺ نے یہ دعا مانگنے سنا اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَسْأَلُکَ الصَّبْرَ (اے اللہ میں تجھ سے صبر مانگتا ہوں) آپ ﷺ نے فرمایا سَأَلْتَ اللّٰہ البَلَاءَ فَاسْاَلْہ العَافِیَۃَ (تو نے اللہ سے بلا طلب کی کیونکہ صبر تو بلا پر ہو گا ، اب تو اس سے عافیت مانگ)۔