یہاں ظن یقین کے معنی میں ہے جیسے الَّذِیۡنَ یَظُنُّوۡنَ اَنَّہُمۡ مُّلٰقُوۡا رَبِّہِمۡ (البقرہ۔۴۶) میں۔ یعنی یوسفؑ کو دونوں میں سے جس شخص کی بابت یقین تھا کہ بری ہو جائے گا جب وہ قید خانہ سے نکلا تو فرمایا اپنے بادشاہ کی خدمت میں میرا بھی ذکر کرنا کہ ایک ایسا شخص بے قصور قید خانہ میں برسوں سے پڑا ہے۔ مبالغہ کی ضرورت نہیں ۔ میری جو حالت تم نے مشاہدہ کی ہے بلا کم و کاست کہدینا۔
حضرت یوسف علیہ السلام کو عتاب آمیز تنبیہ
یعنی شیطان نے چھوٹنے والے قیدی کے دل میں مختلف خیالات و وساوس ڈال کر ایسا غافل کیا کہ اسے بادشاہ کے سامنے اپنے محسن بزرگ (یوسفؑ) کا تذکرہ کرنا یاد ہی نہ رہا ۔ نتیجہ یہ ہوا کہ یوسفؑ کو کئ سال اور قید میں رہنا پڑا۔ مدت دراز کے بعد جب بادشاہ نے ایک خواب دیکھا اور اس کی تعبیر کسی کی سمجھ میں نہ آئی تب اس شخص کو یوسفؑ یاد آئے جیسا کہ آگے آتا ہے ۔ وَ قَالَ الَّذِیۡ نَجَا مِنۡہُمَا وَ ادَّکَرَ بَعۡدَ اُمَّۃٍ الخ بھلانے کی نسبت شیطان کی طرف اس لئے کی گئ کہ وہ القائے وساوس وغیرہ کا ذریعہ ہے جو سبب بنتا ہے نسیان کا ۔ حضرت موسٰیؑ کے رفیق سفر نے کہا تھا۔ فَاَنۡسٰہُ الشَّیۡطٰنُ ذِکۡرَ رَبِّہٖ (کہف۔۶۳) لیکن ہر ایک شر میں حق تعالیٰ کوئی خیر کا پہلو رکھ دیتا ہے ۔ یہاں بھی گو اس نسیان کا نتیجہ تطویل قید کی صورت میں ظاہر ہوا۔ تاہم حضرت شاہ صاحبؒ کی نکتہ آفرینی کے موافق اس میں یہ تنبیہ ہو گئی کہ ایک پیغمبر کا دل ظاہری اسباب پر نہیں ٹھہرنا چاہئے ۔ بلکہ ابن جریر اور بغوی وغیرہ نے بعض سلف سے نقل کیا ہے کہ وہ فَاَنۡسٰہُ الشَّیۡطٰنُ ذِکۡرَ رَبِّہ کی ضمیر یوسفؑ کی طرف راجع کرتے ہیں ۔ گویا اذۡکُرۡنِیۡ عِنۡدَ رَبِّکَ کہنا ایک طرح کی غفلت تھی جو یوسفؑ کو عارض ہوئی۔ انہوں نے قیدی کو کہا کہ اپنے رب سے میرا ذکر کرنا ۔ حالانکہ چاہئے تھا کہ سب ظاہری سہارے چھوڑ کر وہ خود اپنے رب سے فریاد کرتے ۔ بے شک کشف شدائد کے وقت مخلوق سے ظاہری استعانت اور اسباب کے مباشرت مطلقًا حرام نہیں ہے ۔ لیکن ابرار کی حسنات مقربین کی سیئات بن جاتی ہیں۔ جو بات عامۃ الناس بے کھٹکے کر سکتے ہیں انبیاء علیہم السلام کے منصب عالی کے اعتبار سے وہ ہی بات ایک قسم کی تقصیر بن جاتی ہے۔ امتحان و ابتلاء کے موقع پر انبیاء کی شان رفیع اسی کو مقتضی ہے کہ رخصت پر نظر نہ کریں ، انتہائی عزیمت کی راہ چلیں۔ چونکہ حضرت یوسفؑ کا اذۡکُرۡنِیۡ عِنۡدَ رَبِّکَ کہنا عزیمت کے خلاف تھا ، اس لئے عتاب آمیز تنبیہ ہوئی کہ کئ سال تک مزید قید اٹھانی پڑی اور اسی لئے "انساء" کی نسبت شیطان کی طرف کی گئ۔ واللہ اعلم بالصواب۔ زیادہ تفصیل روح المعانی میں ہے۔