مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ یوسف آیت 49 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

ثُمَّ يَأْتِى مِنۢ بَعْدِ ذَٰلِكَ عَامٌ فِيهِ يُغَاثُ ٱلنَّاسُ وَفِيهِ يَعْصِرُونَ ﴿٤٩﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

بادشاہ کے خواب کی تعبیر اور بشارت

یوسفؑ نے تعبیر بتلانے میں دیر نہ کی نہ کوئی شرط لگائی ، نہ اس شخص کو شرمندہ کیا کہ تجھ کو اتنی مدت کے بعد اب میرا خیال آیا۔ اس سے انبیاء علیہم السلام کے اخلاق و مروت کا اندازہ ہوتا ہے۔ پھر وہ صرف خواب کی تعبیر مانگتا تھا ۔ آپ نے تین چیزین عطا فرمائیں۔ تعبیر ، تدبیر ، تبشیر آپ کے کلام کا حاصل یہ تھا کہ سات موٹی گائیں اور سات ہری بالیں سات برس ہیں۔ جن میں متواتر خوشحالی رہے گی ، کھیتوں میں خوب پیدوار ہو گی ، حیوانات و نباتات خوب بڑھیں گے ۔ اس کے بعد سات سال قحط ہو گا جس میں سارا پچھلا اندوختہ کھا کر ختم کر ڈالو گے۔ صرف آئندہ تخم ریزی کے لئے کچھ تھوڑا سا باقی رہ جائے گا۔ یہ سات سال دبلی گائیں اور سوکھی بالیں ہیں جو موٹی گایوں اور ہری بالوں کو ختم کردیں گی۔ تعبیر بتلانے کے دوران میں حضرت یوسفؑ نے ازراہ شفقت و ہمدردی خلائق ایک تدبیر بھی تلقین فرما دی کہ اول سات سال میں جو پیداوار ہو اسے بڑی حفاظت سے رکھو اور کفایت شعاری سے اٹھاؤ کھانے کے لئے جس قدر غلہ کی ضرورت ہو اسے الگ کر لو اور تھوڑا تھوڑا احتیاط سے کھاؤ۔ باقی غلہ بالوں میں رہنے دو۔ تا اس طرح کیڑے وغیرہ سے محفوظ رہ سکے۔ اور سات سال کی پیداوار چودہ سال تک کام آئے۔ ایسا نہ کرو گے تو قحط کا مقابلہ کرنا دشوار ہو گا۔ یہ تعبیر و تدیبر بتلانے کے بعد انہیں بشارت سنائی جو غالبًا آپ کو وحی سے معلوم ہوئی ہو گی یعنی سات سال قحط رہنے کے بعد جو سال آئے گا اس میں حق تعالیٰ کی طرف سے فریاد رسی ہو گی اور خوب مینہ برسے گا ، کھیتی باڑی ، پھل میوے نہایت افراط سے پیدا ہوں گے ، جانوروں کے تھن دودھ سے بھر جائیں گے انگور وغیرہ نچوڑنے کے قابل چیزوں سے لوگ شراب کشید کر یں گے ۔ یہ آخری بات سائل کے حسب حال فرمائی ۔ کیونکہ وہ یہ ہی کام کرتا تھا۔