بنیا مین کو لانے کا حکم
حضرت یوسفؑ نے اپنے بھائیوں کی خوب مدارات اور مہانداری کی۔ ایک ایک اونٹ فی کس غلہ دیا۔ یہ خاص مہربانی اور اخلاق دیکھ کر کہتے ہیں انہوں نے درخواست کی کہ ہمارے ایک علاقی بھائی (بنیامین) کو بوڑھے غمزدہ باپ نے تسکین خاطر کے لئے اپنے پاس روک لیا ہے۔ کیونکہ اس کا دوسرا عینی بھائی (یوسفؑ) جو باپ کو بے حد محبوب تھا۔ مدت ہوئی کہیں جنگل میں ہلاک ہو چکا ہے۔ اگر بنیامیں کے حصہ کا غلہ بھی ہم کو مرحمت فرمائیں تو بڑی نوازش ہو گی۔ یوسفؑ نے فرمایا کہ اس طرح غائب کا حصہ دینا خلاف قاعدہ ہے۔ تم پھر آؤ تو بنیامین کو ساتھ لاؤ تب اس کا حصہ پاسکو گے ۔ میرے اخلافق اور مہمان نوازی کو تم خود مشاہدہ کر چکے ہو۔ کیا اس کےبعد تمہیں اپنے چھوٹے بھائی کے لانے میں کچھ تردد ہو سکتا ہے ؟