یہ اشارہ یوسفؑ کی طرف تھا۔ اپنی پاکبازی جتانے کے لئے محض ناحق کوشی اور عناد سے بنیامین کے جرم کو پختہ کر دیا اور اتنی مدت کے بعد بھی یوسفؑ معصوم پر جھوٹی تمہت لگانے سے نہ شرمائے مفسرین نے اس موقع پر کئ قصے بیان کئےہیں جن کی طرف برادران یوسفؑ نے چوری کےلفظ میں اشارہ کیا تھا۔ ان کے نقل کی یہاں حاجت نہیں۔
بھائیوں کا حضرت یوسف علیہ السلام پر چوری کا الزام
یعنی ایسا سخت لفظ سن کر بھی یوسفؑ بے قابو نہیں ہوئے ۔ کیونکہ مصلحت خداوندی افشائے راز کو متقضی نہ تھی۔ یوسفؑ نے بات کو دل میں رکھا۔ جواب دے کر ان کے اتہام کی حقیقت نہ کھولی۔ اپنے جی میں کہا اَنۡتُمۡ شَرٌّ مَّکَانًا ۚ وَ اللّٰہُ اَعۡلَمُ بِمَا تَصِفُوۡنَ یعنی الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے مجھے چور بناتے ہو ؟ حالانکہ تم نے ایسی چوری کی کہ بھائی کو باپ سے چرا کر بیچ ڈالا۔ باقی میری چوری کا حال اللہ کو معلوم ہے۔ بعض مفسرین نے اَنۡتُمۡ شَرٌّ مَّکَانًا الخ کا مطلب یہ لیا ہے کہ یوسفؑ نے ان کو خطاب کر کے کہا کہ تم بڑے ہی بدترین لوگ ہو ۔ ابھی تو کہہ رہے تھے وَ مَا کُنَّا سٰرِقِیۡنَ ہم چوروں میں کے نہیں۔ جب ایک بھائی کے اسباب میں سے مال برآمد ہوا تو اس کےساتھ دوسرے غیر حاضر بھائی کو بھی ملوث کرنے لگے گویا چوری کرنا تمہارا خاندانی پیشہ ہے (العیاذ باللہ) خدا خوب جانتا ہے کہ تم اپنے بیان میں کہاں تک سچے ہو۔ وہ ہی تم کو غلط بیانیوں کی سزا دے گا۔