مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ یوسف آیت 84 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

وَتَوَلَّىٰ عَنْهُمْ وَقَالَ يَـٰٓأَسَفَىٰ عَلَىٰ يُوسُفَ وَٱبْيَضَّتْ عَيْنَاهُ مِنَ ٱلْحُزْنِ فَهُوَ كَظِيمٌ ﴿٨٤﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

حضرت یعقوب علیہ السلام کا صبر و استقامت

نیا زخم کھا کر پرانا زخم ہرا ہو گیا۔ بے اختیار پکار اٹھے یٰۤاَسَفٰی عَلٰی یُوۡسُفَ (ہائے افسوس یوسف)۔

یعنی بے رونق یا بے نور ہو گئیں۔ علیٰ اختلاف القولین۔

حضرت یعقوب علیہ السلام کی آزمائش

حدیث میں ہے نَحْنُ مَعَاشِرُالْاَنْبِیَاءِ اَشَدُّ بَلَاءً ثُمَّ الْاَ مْثَل فَالْاَ مْثَلُ یعنی انبیاء کی جماعت حق تعالیٰ کی طرف سے سخت ترین امتحانوں میں مبتلا کی جاتی ہے۔ پھر امتحان کی اقسام ہیں۔ ہر نبی کو حق تعالیٰ اپنی حکمت اور اس کی استعداد کے موافق جس قسم کے امتحان میں چاہے مبتلا کرتا ہے ۔ یعقوبؑ کے قلب میں یوسفؑ کی فوق العادت محبت ڈال دی۔ پھر ایسے محبوب اور ہونہار بیٹے کو جو خداندان ابراہیمی کا چشم و چراغ تھا ، ایسے دردناک طریقے سے جدا کیا گیا۔ غمزدہ اور زخم خوردہ یعقوبؑ کے جگر کو اس روح فرسا صدمہ نے کھا لیا تھا۔ وہ کسی مخلوق کے سامنے نہ حرف شکایت زبان پر لاتے تھے نہ کسی سے انتقام لیتے ، نہ غصہ نکالتے ۔ غم کی بات منہ سے نہ نکلتی ۔ ہاں جب اپنے کو بہت گھونٹتے تو دل کا بخار آنکھوں کی راہ سے ٹپک پڑتا ۔ بیسیوں برس تک چشم گریاں اور سینہ بریاں کے باوجود ادائے فرائض و حقوق میں کوئی خلل نہ پڑنے دیا ۔ ان کا دل جتنا یوسفؑ کے فراق میں روتا تھا۔ اتنا ہی خدا کے حضور میں زیادہ گڑ گڑاتا تھا۔ درد و غم کی شدت اور اشکباری کی کثرت جس قدر ان کی بصارت کو ضعیف کرتی اسی قدر نور بصیرت کو بڑھا رہی تھی۔ بیتابی و اضطراب کاکیسا ہی طوفان اٹھتا ، دل پکڑ اور کلیجہ مسوس کر رہ جاتے زبان سے اف نہ نکالتے بنیامین کی جدائی سے جب پرانے زخم میں نیا چرکہ لگا تو اس وقت بے اختیار یٰۤاَسَفٰی عَلٰی یُوۡسُفَ صرف اتنا لفط زبان سے نکلا ۔ بقول حضرت شاہ صاحبؒ ایسا درد اتنی مدت دبا رکھنا پیغمبر کے سوا کس کا کام ہو سکتا ہے"۔