مواد پر جائیں
Quran Maqasid

سورہ یوسف آیت 94 پر تفسیر عثمانی

تفسیر عثمانی، از شیخ الاسلام مولانا شبیر احمد عثمانی

وَلَمَّا فَصَلَتِ ٱلْعِيرُ قَالَ أَبُوهُمْ إِنِّى لَأَجِدُ رِيحَ يُوسُفَ ۖ لَوْلَآ أَن تُفَنِّدُونِ ﴿٩٤﴾
آیت، اس کے الفاظ اور ترجمہ

تفسیر اپنے مصنف کی قراءت ہے، جیسے اس نے لکھی ویسے ہی پیش کی گئی ہے۔ ہمارا منہج

حضرت یعقوب علیہ السلام کو یوسف علیہ السلام کی خوشبو

خدا کی قدرت یوسفؑ مصر میں موجود ہیں۔ کبھی نہ کہا کہ یوسفؑ کی خوشبو آتی ہے۔ کیونکہ خدا کو امتحان پورا کرنا تھا۔ اب بلانے کی ٹھہری تو ادھر قافلہ یوسفؑ کا قمیص لے کر مصر سے نکلا ادھر پیراہن یوسفی کی خوشبو یعقوبؑ کے مشام جان کو معطر کرنے لگی۔ ایک یہ کیا پورا واقعہ ہی عجائب قدرت کا ایک مرقع ہے ۔ یعقوبؑ جیسےمشہور و معروف پیغمبر شام میں رہیں اور یوسفؑ جیسی جلیل القدر شخصیت مصر میں بادشاہت کرے ، یوسفؑ کے بھائی کئی مرتبہ مصر آئیں ، خود یوسفؑ کے مہمان بنیں ، اس کے باوجود خداوند قدوس کی حکمت غامضہ اور مشیت قاہرہ کا ہاتھ باپ کو بیٹے سے بیسیوں برس تک علیحدہ رکھے اور خون کے آنسو رلا کر امتحان کی تکمیل کر ائے جَلَّتْ قُدْرَتُہٗ وَعَزَّ سُلْطَانَہٗ ۔

یعنی یہ بات کہتے ہوئے جھجکتا ہوں ۔ کیونکہ تمہاری سمجھ میں نہیں آئے گی ۔ کہدو گے ، بڈھا سٹھیا گیا ہے۔