نزول قرآن سے اہل کتاب اور مسلمانوں کی خوشی
جن کو اب قرآن دیا ہے (یعنی مسلماان) اور جن کو پہلے "توارت" و "انجیل" وغیرہ دی گئ (یعنی "یہود" و "نصاریٰ") اس چیز کو سن کو خوش ہوتے ہیں جو آپ پر نازل کی گئ۔ مسلمانوں کا خوش ہونا تو ظاہر ہے کہ وہ اسی کتاب کو فلاح دارین کی کلید جانتے تھے ، باقی یہود و نصاریٰ میں جو لوگ اہل علم و انصاف اور فی الجملہ حق پرست تھے ان کے لئے بھی ایک طرح مسرت کا موقع تھا۔ کیونکہ وہ دیکھتے تھے کہ قرآن کیسی فراخدلی سے ان کی اصل کتابوں کی تصدیق اور ان کے انبیاء کی تعریف و تعظیم میں رطب اللسان ہے بلکہ سچے احبار و رہبان کے وجود کو بھی معرض مدح میں پیش کرتا ہے۔ ذٰلِکَ بِاَنَّ مِنۡہُمۡ قِسِّیۡسِیۡنَ وَ رُہۡبَانًا (المائدہ۔۸۲)۔ چنانچہ اسی قسم کے منصف و حق پرست یہود و نصاریٰ آخر کار مشرف باسلام ہوئے۔
یعنی یہود و نصاریٰ یا عرب کے جاہلوں میں وہ جماعتیں بھی ہیں جو قرآن سے اس لئے ناخوش ہیں کہ انہیں اس کی بعض چیزوں سے انکار ہے او ریہ وہی چیزیں ہیں جو ان کی تحریف و تبدیل یا آراء و اہواء کے خلاف قرآن نے بیان کی ہیں۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی دعوت توحید حالص کی طرف
یعنی کوئی خوش ہو یا نا خوش میں تو اسی خدائے وحدہٗ لا شریک لہٗ کی بندگی کرتا ہوں جس کو سب انبیاء اور ملل بالاتفاق مانتے چلے آئے ۔ اسی کے احکام و مرضیات کی طرف ساری دنیا کو دعوت دیتا ہوں اور خوب جانتا ہوں کہ میرا انجام اسی کے ہاتھ میں ہے اسی کی طرف رجوع کرتا ہوں ، وہیں میرا ٹھکانہ ہے۔ وہ ہی مجھ کو آخر کار غالب و منصور اور مخالفین کو مغلوب و رسواء کر ے گا۔ لہذا کسی کے خلاف و انکار کی مجھےقطعًا پروا نہیں۔